وہاڑی میں 34 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی پر سوالات
1660 چھاپے ، صرف ایک ہزار جرمانہ،موثر کارروائی نہ ہونے پرشہریوں کا اظہارتشویش
وہاڑی (خبر نگار،نمائندہ خصوصی) ضلع وہاڑی میں مہنگائی پر قابو پانے اور گراں فروشی کی روک تھام کے لیے تعینات 34 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی پر سوالات اٹھنے لگے ۔ شہریوں کے مطابق بازاروں میں اشیائے خورونوش کی مقررہ نرخوں سے زائد قیمتوں پر فروخت کی شکایات بدستور موجود ہیں، جبکہ سرکاری کارروائیوں کے باوجود عوام کو خاطر خواہ ریلیف نہیں مل رہا۔تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے ضلع وہاڑی میں گراں فروشی کی روک تھام کے لیے 34 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس تعینات کر رکھے ہیں۔ فراہم کردہ اعدادوشمار کے مطابق ان مجسٹریٹس نے گزشتہ دنوں مجموعی طور پر 1660 چھاپے مارے ، تاہم ان کارروائیوں کے نتیجے میں صرف ایک ہزار روپے جرمانہ عائد کیے جانے کی اطلاع سامنے آئی ہے ۔ فراہم کردہ معلومات کے مطابق گراں فروشی کے خلاف کوئی مقدمہ بھی درج نہیں کیا گیا۔ان اعدادوشمار کے مطابق فی چھاپہ اوسط جرمانے کی رقم تقریباً 60 پیسے بنتی ہے ، جس پر شہریوں نے کارروائیوں کی افادیت اور نگرانی کے نظام سے متعلق تحفظات کا اظہار کیا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ چھاپوں کی تعداد کے بجائے مقررہ نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مؤثر قانونی کارروائی کو ترجیح دی جانی چاہیے ۔دوسری جانب مجسٹریٹس کی تنخواہوں، سرکاری گاڑیوں اور ایندھن پر ہونے والے اخراجات کے مقابلے میں جرمانوں کی کم رقم نے سرکاری وسائل کے استعمال سے متعلق سوالات بھی اٹھائے ہیں۔ تاہم اخراجات، جرمانوں اور کارروائیوں کے مکمل اعدادوشمار کی سرکاری ریکارڈ سے تصدیق ضروری ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments