غربت اور بے روزگاری میں اضافہ تشویشناک،نوابزادہ افتخار احمد
مہنگائی، جرمانوں اور سرکاری فیسوں میں کمی ، حکومتی اخراجات کم کرنے کا مطالبہ
مونڈکا (نامہ نگار) پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات و رکن قومی اسمبلی نوابزادہ افتخار احمد خان نے کہا ہے کہ ملک میں بڑھتی ہوئی غربت، بے روزگاری اور مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے ۔ انہوں نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا کہ عوام پر مالی بوجھ بڑھانے کے بجائے اپنے اخراجات کم اور شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جائے ۔انہوں نے ورلڈ بینک کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں غربت کی صورتِ حال تشویش ناک ہے ، جبکہ گزشتہ چار سال کے دوران 14 لاکھ افراد کے بے روزگار ہونے کے اعدادوشمار بھی سامنے آئے ہیں۔ ان کے بقول بے روزگاری سے متاثرہ افراد کے زیرِ کفالت خاندان بھی بنیادی ضروریات اور ادویات کے حصول میں مشکلات کا شکار ہیں۔نوابزادہ افتخار احمد خان نے آٹے کی قیمتوں میں اضافے اور گندم کے نرخ بڑھنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی نے عام آدمی کی قوتِ خرید متاثر کر دی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہیلمٹ، لائسنس اور تجاوزات کے نام پر موٹر سائیکل سواروں، چنگ چی رکشہ مالکان اور خوانچہ فروشوں پر جرمانوں سے غریب طبقے کی مشکلات مزید بڑھ رہی ہیں۔ محکمہ مال، ایکسائز اور دیگر شعبوں میں سرکاری فیسوں میں اضافے سے بھی عوام پر مالی دباؤ بڑھا ہے ۔انہوں نے پنجاب حکومت پر زور دیا کہ عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے جرمانوں اور فیسوں سے متعلق پالیسیوں پر نظرثانی کی جائے اور حکومتی اخراجات میں کمی لا کر عوام کو ریلیف دیا جائے ۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو سہولتیں فراہم کرنا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments