چار حادثات، خاتون کی تین انگلیاں کٹ گئیں، پانچ زخمی
موٹر سائیکل پھسلنے ، مستری کے گرنے اور کار کی ٹکر سے بھی حادثات پیش آئے
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ضلع کوٹ ادو میں چار مختلف حادثات کے دوران پانچ افراد زخمی ہوگئے ، جبکہ ٹوکہ مشین میں ہاتھ آنے سے ایک خاتون کی دائیں ہاتھ کی تین انگلیاں کٹ گئیں۔ ریسکیو 1122 نے تمام واقعات میں امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی۔ریسکیو رپورٹ کے مطابق محمود کوٹ میں گھر پر گھاس کاٹتے ہوئے خاتون کا دایاں ہاتھ ٹوکہ مشین میں آگیا، جس سے اس کی تین انگلیاں کٹ گئیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے خاتون کو ابتدائی طبی امداد کے بعد انڈس ہسپتال مظفرگڑھ منتقل کردیا۔دوسرے واقعے میں پل 88 کے قریب موٹر سائیکل کے پہیے میں دوپٹہ پھنسنے سے موٹر سائیکل پھسل گیا، جس کے نتیجے میں 40 سالہ رقیہ بی بی زوجہ محمد رمضان زخمی ہوگئیں۔ انہیں ٹی ایچ کیو ہسپتال کوٹ ادو منتقل کردیا گیا۔تیسرے واقعے میں قصبہ گجرات کے قریب گرمانی اڈہ پر دیوار کو پلستر کرتے ہوئے 35 سالہ مستری محمد طارق ولد قادر بخش پاؤں پھسلنے سے نیچے گر کر زخمی ہوگیا، جسے طبی امداد کے بعد ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا گیا۔چوتھا حادثہ محمود کوٹ روڈ پر اڈا ترک والا کے قریب پیش آیا، جہاں تیز رفتار کار نے موٹر سائیکل کو پیچھے سے ٹکر مار دی۔ حادثے میں 35 سالہ آسیہ اور 38 سالہ شہزاد زخمی ہوئے ۔ ریسکیو اہلکاروں نے انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی، تاہم دونوں نے ہسپتال منتقل ہونے سے انکار کردیا۔ ریسکیو 1122 کے مطابق چاروں حادثات میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments