کراچی میں زیورات چوری کا کیس، علی پور سے نوکرانی گرفتار
بارہ تولہ سونا ، دو ہیرے کی انگوٹھیاں چوری کرکے 30 لاکھ میں فروخت کی گئیں
فتح پور جنوبی (نامہ نگار) کراچی میں گھر سے مبینہ طور پر کروڑوں روپے مالیت کے زیورات چوری کرنے کے مقدمے میں کراچی پولیس نے علی پور پولیس کی مدد سے نوکرانی انعم اور ایک زرگر کو گرفتار کر لیا۔ تاہم مقامی سطح پر زرگر کی رہائی سے متعلق سوالات اٹھائے جا رہے ہیں، جبکہ پولیس حکام نے اس حوالے سے کوئی حتمی مؤقف نہیں دیا۔تفصیلات کے مطابق علی پور کے محلہ شیخاں کے رہائشی شیخ اظہر کی اہلیہ انعم کراچی میں ایک سیاسی رہنما اور کسٹمز افسر مصطفیٰ کے گھر ملازمہ تھی۔ الزام ہے کہ اس نے گھر سے 12 تولہ طلائی زیورات اور ہیرے کی دو انگوٹھیاں چوری کرکے علی پور میں ایک زرگر کو 30 لاکھ روپے میں فروخت کر دیں۔ متاثرہ شخص کی مدعیت میں کراچی کے تھانہ درخشاں میں مقدمہ درج کیا گیا۔گزشتہ روز کراچی پولیس نے تھانہ سٹی علی پور کے اہلکاروں کے ہمراہ کارروائی کرکے انعم اور مذکورہ زرگر کو گرفتار کیا۔ ذرائع کے مطابق بعد ازاں زرگر کو رہا کر دیا گیا، جس پر عوامی و سماجی حلقوں نے تشویش کا اظہار کیا۔ ملزمہ کے مطابق اس نے زیورات 30 لاکھ روپے میں فروخت کیے تھے اور اسے ان کی اصل مالیت کا اندازہ نہیں تھا۔عوامی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب سے واقعے کا نوٹس لینے اور معاملے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ۔دوسری جانب تھانہ سٹی علی پور پولیس کے مطابق کراچی کے تھانہ درخشاں میں مصطفیٰ کی مدعیت میں مقدمہ درج ہے اور مقامی پولیس نے کراچی پولیس کی ملزمان کی گرفتاری میں معاونت کی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اسے مزید کارروائی کی تفصیلات معلوم نہیں ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments