نسل نو کو مثبت طرز فکر سے آراستہ کیا جائے ،ابوالخیر زبیر
جغرافیائی سرحدوں کے دفاع کیساتھ نظریاتی شناخت کا تحفظ بھی اہم،سید انوار
ملتان (کرائم رپورٹر)جمعیت علماء پاکستان نورانی کے زیر اہتمام 27ویں سالانہ کل جماعتی تاجدار ختم نبوت کانفرنس میں مقررین نے عقیدہ ختم نبوت کی اہمیت، آئینی بالادستی، قانون کی حکمرانی، قومی یکجہتی اور نوجوان نسل کی علمی و فکری تربیت پر زور دیا۔ مقررین نے کہا کہ مذہبی و نظریاتی معاملات میں تحقیق، دلیل، آئینی شعور اور پرامن جدوجہد کو بنیادی اہمیت دی جانی چاہیے ۔قائد جمعیت علماء پاکستان نورانی صاحبزادہ ڈاکٹر ابوالخیر محمد زبیر نے کہا کہ نئی نسل کو اسلامی عقائد کے ساتھ آئینی شعور، قومی ذمہ داری اور مثبت طرز فکر سے آراستہ کرنا ضروری ہے ۔ عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کی جدوجہد علمی استدلال، آئینی شعور اور اجتماعی وحدت کے ساتھ آگے بڑھائی جانی چاہیے ۔ مولانا سید عطائالمنان بخاری نے کہا کہ نوجوانوں کو قیام پاکستان کے مقاصد، قائداعظمؒ کے تصورات اور اسلامی و جمہوری اقدار سے آگاہ کرنا ضروری ہے ۔ انہوں نے مستند علمی لٹریچر، تحقیق اور مدلل مکالمے کو فروغ دینے پر زور دیا۔سجادہ نشین آستانہ عالیہ بدریہ نوریہ سید انوارالزمان شاہ کاظمی نے کہا کہ جغرافیائی سرحدوں کے دفاع کے ساتھ قومی نظریاتی شناخت کا تحفظ بھی اہم ہے ۔ قومی یکجہتی، باہمی اعتماد اور ریاستی اداروں کے احترام سے ملک میں استحکام کو فروغ دیا جا سکتا ہے ۔ مولانا محمد آصف معاویہ سیال نے کہا کہ آئین کی بالادستی، قانون کی یکساں حکمرانی اور جمہوری تسلسل کے ذریعے ملک کو درپیش سیاسی، معاشی اور معاشرتی چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments