زکریا یونیورسٹی شٹل سروس میں طالبات کو ہراساں کرنیکی شکایت

زکریا یونیورسٹی شٹل سروس میں طالبات کو ہراساں کرنیکی شکایت

کنڈکٹر پر بدتمیزی، دھمکیاں دینے کے الزامات، درخواست کے باوجود کارروائی نہ ہوئی

ملتان (خصوصی رپورٹر)بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کی کبیر والا، ملتان شٹل سروس میں طالبات کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے ، بدتمیزی اور بس میں غیر مجاز تبدیلیوں کے حوالے سے شکایات سامنے آئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ٹرانسپورٹ حکام کو تحریری درخواست موصول ہونے کے باوجود تاحال مؤثر کارروائی نہیں ہو سکی۔تفصیلات کے مطابق کبیر والا سے ملتان آنے اور جانے والی یونیورسٹی شٹل سروس میں سفر کرنے والی طالبات نے 25 ستمبر 2026ء کو ٹرانسپورٹ آفیسر کے نام درخواست دی، جس میں بس کنڈکٹر کے مبینہ نامناسب رویے ، نازیبا زبان کے استعمال، دھمکیاں دینے اور بس سے اترتے وقت راستہ روکنے کی شکایات کی گئیں۔ درخواست پر متعدد طالبات کے دستخط موجود ہیں، جبکہ انہوں نے اپنی شناخت خفیہ رکھنے کی استدعا بھی کی ہے ۔

درخواست گزار طالبات کے مطابق کنڈکٹر مبینہ طور پر سخت اور توہین آمیز لہجہ اختیار کرتا ہے اور بعض اوقات نازیبا زبان استعمال کرنے کے ساتھ نامناسب جملے بھی کہتا ہے ۔ طالبات نے الزام لگایا کہ لڑکوں سے بات کرنے جیسے معاملات پر تضحیک آمیز تبصرے کئے جاتے ہیں اور ان کی ماؤں سے شکایت کرنے کی دھمکیاں بھی دی جاتی ہیں۔ درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ بعض مواقع پر بس سے اترتے وقت دروازے کے راستے میں رکاوٹ پیدا کی جاتی ہے ۔طالبات نے بس میں مرد اور خواتین مسافروں کے درمیان نصب حفاظتی جنگلے پر اضافی لوہے کی چادر لگانے پر بھی اعتراض کیا ہے ۔ طالبات نے مطالبہ کیا ہے کہ بس میں کی گئی تبدیلیوں کا جائزہ لے کر غیر مجاز ہونے کی صورت میں چادر ہٹائی جائے اور کنڈکٹر کے مبینہ رویے کی تحقیقات کرکے ذمہ داروں کے خلاف قواعد کے مطابق کارروائی کی جائے ۔ انہوں نے شکایت کنندگان کی شناخت خفیہ رکھنے پر بھی زور دیا ہے تاکہ انہیں دباؤ یا انتقامی کارروائی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...