بلدیاتی الیکشن کیلئے پیپلز پارٹی کا ڈویژنل کنونشنز کا فیصلہ
تنظیمی سرگرمیوں کا دائرہ وسیع، کارکنوں کو متحرک اور عوامی رابطہ مہم تیز کی جائے گی بھرپور سیاسی قوت کے ساتھ میدان میں اترے گی،سابق گورنر مخدوم سید احمد محمود
ملتان( لیڈی رپورٹر )پاکستان پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے صدر و سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود سے پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری ہمایوں خان اور بشیر خان، پاکستان پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے سیکرٹری انفارمیشن و ایم این اے نوابزادہ افتخار احمد خان، چیف کوآرڈینیٹر جنوبی پنجاب عبدالقادر شاہین، نوابزادہ عمران خان نے ملاقات کی ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال، امن و امان، عوام کو درپیش معاشی مشکلات، جنوبی پنجاب کی سیاسی صورت حال، پارٹی کی تنظیمی سرگرمیوں اور پنجاب میں آئندہ بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر مخدوم سید احمد محمود نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی آئندہ بلدیاتی انتخابات کو انتہائی اہمیت دیتی ہے اور ان انتخابات میں بھرپور تیاری، مؤثر حکمت عملی اور عوامی طاقت کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ جنوبی پنجاب میں پارٹی کے ڈویژنل کنونشنز منعقد کیے جائیں گے ، جبکہ بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کا اگلا مرحلہ جلد شروع ہوگا۔ پارٹی تنظیموں کو فعال بنانے ، کارکنوں کو متحرک کرنے اور عوامی رابطوں کو مزید مضبوط کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے جنرل و ضمنی انتخابات میں جنوبی پنجاب میں پاکستان پیپلزپارٹی کی کارکردگی نمایاں رہی ہے اور ہمیں یقین ہے کہ منظم انتخابی حکمت عملی، کارکنوں کی محنت اور عوام کے ساتھ مضبوط رابطوں کی بدولت آئندہ بلدیاتی انتخابات میں بھی بہتر نتائج حاصل کریں گے ۔ پیپلزپارٹی محض انتخابی سیاست پر یقین نہیں رکھتی بلکہ عوام کے درمیان رہ کر ان کے مسائل سمجھنا، ان کے حقوق کے لیے آواز اٹھانا اور عوامی خدمت کو اپنی سیاست کا محور بنانا پارٹی کی بنیادی شناخت ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments