یتیم بچے کا قتل ، مقابلے میں ملزم کی ہلاکت پر ملاجلا ردعمل

 یتیم بچے کا قتل ، مقابلے میں ملزم کی ہلاکت پر ملاجلا ردعمل

کارروائی کو سراہا، قانون کی بالادستی، شفاف تفتیش اور بے گناہوں کے تحفظ پر بھی زورقانون کی بالادستی، شفاف تفتیش اور بے گناہ افراد کے تحفظ کو بھی ضروری قرار دیا گیا

وہاڑی (خبرنگار) ملتان میں یتیم بچے کو گاڑی سے کچل کر ہلاک کرنے کے واقعے کے ملزم کی سی سی ڈی کے ہاتھوں ہلاکت پر وہاڑی کے شہری حلقوں نے مختلف ردعمل کا اظہار کیا ہے ۔ بعض شخصیات نے کارروائی کو مظلوم خاندان کے لیے فوری انصاف کی علامت قرار دیتے ہوئے سراہا، جبکہ سول سوسائٹی کے نمائندوں نے قانون کی بالادستی، شفاف تفتیش اور بے گناہ افراد کے تحفظ کو بھی ضروری قرار دیا ہے ۔شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ بچوں سمیت شہریوں کے خلاف جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی سے قانون کی عمل داری مضبوط ہوتی ہے اور مظلوم خاندانوں کو حوصلہ ملتا ہے ۔

معروف قانون دان شیخ فضل الرحمان ایڈووکیٹ نے کہا کہ اگر واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سمیت واضح شواہد موجود ہونے کے باوجود عوام کو عدالتوں سے بروقت انصاف کی فراہمی پر شکوک و شبہات ہیں تو اس صورت حال کا جائزہ لینا ضروری ہے ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ غیر معمولی کارروائیوں میں بے گناہ افراد کے متاثر ہونے کا خدشہ بھی نظرانداز نہیں کیا جا سکتا، اس لیے انصاف کے تقاضے پورے کرنا لازم ہے ۔سماجی شخصیت عبدالعزیز بھٹہ نے کارروائی کو مظلوم خاندان کے لیے اطمینان کا باعث قرار دیتے ہوئے کہا کہ مستقل اور منصفانہ انصاف کے لیے عدالتی نظام کو مزید مؤثر بنانا ہوگا، تاکہ عوام کو انصاف کے حصول کے لیے غیر معمولی اقدامات کی امید نہ لگانا پڑے ۔انگلینڈ میں مقیم بزنس مین چوہدری زاہد محمود، زرعی ماہر چوہدری طاہر محمود اور ترقی پسند کاشتکار محمد منشا نے مشترکہ بیان میں سی سی ڈی ملتان کی کارروائی کو سراہا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...