بلدیاتی انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جائے ، ندیم افضل چن
بلدیاتی ادارے جمہوریت کی نرسریاں اور مقامی مسائل کے حل کا مؤثر ذریعہ
مونڈکا (نامہ نگار)پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ انتخابات جمہوریت کی بنیاد جبکہ بلدیاتی ادارے جمہوریت کی نرسریاں ہیں۔ حکومت پنجاب کو بلدیاتی انتخابات کا انعقاد یقینی بنانا چاہیے تاکہ مقامی مسائل مقامی سطح پر حل ہو سکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز پارٹی پنجاب کونسل کے رکن اور حلقہ پی پی 271 کے امیدوار میاں نوید اصغر مکول اور نوابزادہ عدنان احمد خان سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں پیپلز پارٹی نوابزادہ گروپ کے سینئر رہنما سردار امجد خان میرانی اور ملک وسیم صدیق بھی موجود تھے ۔ندیم افضل چن نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ طاقت کے بجائے ووٹ کے ذریعے تبدیلی اور جمہوری عمل کی حمایت کی ہے ۔ عام انتخابات ہوں یا بلدیاتی، پارٹی ملک بھر میں ہر حلقے ، گلی، محلے اور وارڈ میں اپنے امیدوار میدان میں اتارے گی۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو بھی پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے اقدامات کرنے چاہئیں۔ پارٹی کارکنوں کو بھی انتخابی تیاریوں کا آغاز کر دینا چاہیے ۔بعدازاں وفد نے وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں رہنے والے بہن بھائیوں کے ساتھ ہونے والے مظالم ختم ہونے چاہئیں۔ آزاد کشمیر کے عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے حکومت اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے حالیہ انتخابات میں عوام نے شدت پسندی کو مسترد کرکے ووٹ کے ذریعے جمہوری راستہ اختیار کیا، جو اس بات کا اظہار ہے کہ کشمیری عوام خطے میں امن چاہتے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments