سموگ کے تدارک کیلئے اینٹی سموگ گنز کا دائرہ وسیع
ملتان سمیت تین شہروں میں آئندہ ہفتے آغاز متوقع، کارروائیاں تیز
ملتان (خصوصی رپورٹر)پنجاب میں سموگ کے تدارک کے لئے اینٹی سموگ گن ٹیکنالوجی کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے بعد دوسرے مرحلے میں گوجرانوالہ میں بھی اینٹی سموگ گنز کا باقاعدہ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے ، جبکہ تیسرے مرحلے میں شیخوپورہ، فیصل آباد اور ملتان میں آئندہ ہفتے آپریشن شروع کئے جانے کا امکان ہے ۔حکام کے مطابق صوبے بھر میں آلودگی پھیلانے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ اب تک 270 صنعتی یونٹس کی انسپکشن کی گئی۔
، جن میں سے 7 سیل جبکہ خلاف ورزیوں پر 16 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ اینٹوں کے 443 بھٹوں کی جانچ پڑتال کے دوران 7 بھٹے مسمار اور 4 سیل کئے گئے ۔ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر بھٹوں کو 19 لاکھ 50 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا، جبکہ ایک بھٹے کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کرائی گئی۔غیر معیاری پلاسٹک کے خلاف کارروائیوں میں 227 مقامات کی چیکنگ کی گئی، 9 مقامات سیل اور 840 کلوگرام غیر معیاری پلاسٹک ضبط کیا گیا۔ اس دوران 97 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔باربی کیو اور کمرشل ککنگ پوائنٹس کی 104 مقامات پر انسپکشن کی گئی، جبکہ دھوئیں کی روک تھام کے لئے 48 مقامات پر سکشن ہڈز نصب کرائے گئے ۔ خلاف ورزیوں پر 10 باربی کیو اور کمرشل ککنگ پوائنٹس سیل کرکے 60 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔اڑتی دھول پر قابو پانے کے لئے 14 مقامات کی انسپکشن کی گئی، ایک مقام سیل اور دو مقامات پر سپرنکلرز نصب کرائے گئے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments