ٹبہ سلطان پور تا میلسی سائفن روڈ ٹوٹ گیا، حادثات معمول
دو سال سے تعمیر کے اعلانات، عملی اقدامات نہ ہوسکے ، ون وے بنانے کا مطالبہ
دوکوٹہ (نامہ نگار) ٹبہ سلطان پور سے میلسی ہیڈ سائفن تک تقریباً 40 کلومیٹر طویل سڑک انتہائی خستہ حالی کا شکار ہے ۔ جگہ جگہ گہرے گڑھے پڑنے اور گردوغبار کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ، جبکہ آئے روز حادثات کے نتیجے میں قیمتی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔تفصیلات کے مطابق اس اہم شاہراہ کی تعمیر کے لیے گزشتہ دو سال کے دوران متعدد بار اعلانات کیے گئے ، تاہم تاحال کوئی عملی پیش رفت سامنے نہیں آسکی۔ اہل علاقہ کے مطابق سڑک کی خراب حالت کے باعث کئی افراد حادثات میں جاں بحق اور متعدد عمر بھر کے لیے معذور ہو چکے ہیں۔ سڑک پر واقع ڈھمکی پل بھی خستہ حالی کا شکار ہے ، جو کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتا ہے ۔یہ شاہراہ بہاول نگر، ہارون آباد، چشتیاں، فورٹ عباس، حاصل پور، قائم پور، خیرپور ٹامیوالی اور ڈونگہ بونگہ کو ملتان سے ملاتی ہے ، جس کی اہمیت کے پیش نظر اسے ون وے تعمیر کرنا ضروری ہے ۔اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ حلقہ این اے 159 اور این اے 158 کے سیاسی نمائندوں کی جانب سے متعدد بار سڑک کی تعمیر کی منظوری کے دعوے کیے گئے ، مگر عملی کام شروع نہیں ہوسکا۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹبہ سلطان پور سے میلسی ہیڈ سائفن تک سڑک کو ون وے تعمیر کرنے اور ڈھمکی پل کی مرمت کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments