اتائیوں کیخلاف بڑا کریک ڈاؤن، متعدد کلینکس سیل
غیر قانونی لیبارٹری کا سامان ضبط، مزید قانونی کارروائی کیلئے استغاثہ جاری
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ڈپٹی کمشنر محمد جواد حیدر شاہ کی ہدایات پر محکمہ صحت نے اتائی ڈاکٹروں اور غیر قانونی طبی مراکز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے متعدد کلینکس اور طبی مراکز سیل کر دیے جبکہ ایک مبینہ غیر قانونی لیبارٹری کا سامان بھی ضبط کرلیا۔ مزید قانونی کارروائی کے لیے استغاثہ جاری کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ڈی ایچ او ہیلتھ ڈاکٹر رضا مغل کی سربراہی میں محکمہ صحت کی ٹیم نے سنانواں، سلطان کالونی اور گردونواح کے علاقوں میں نجی کلینکس، میڈیکل اسٹورز، میٹرنٹی ہومز اور لیبارٹریز کا معائنہ کیا۔ اس دوران طبی سہولیات، صفائی ستھرائی، ادویات کی دستیابی اور قانونی تقاضوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ خلاف ورزیوں پر بعض مراکز سیل کردیے گئے جبکہ سجاد حسین لیبارٹری، سنانواں روڈ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے وہاں سے سامان ضبط کرلیا گیا۔معائنہ کیے گئے مراکز میں علی کلینک، فدا حسین الحیدر میڈیکل اسٹور، طاہر کلینک، معراج کلینک، جنید کلینک، جنید میٹرنٹی ہوم اور ڈاکٹر نواب کلینک کے سامنے قائم سجاد حسین لیبارٹری سمیت دیگر مراکز شامل تھے ۔ ضبط شدہ سامان پولیس چوکی سلطان کالونی کے حوالے کردیا گیا۔یہ کارروائیاں لومڑی اڈہ، بٹور مغاں، ہیڈ داد والا اور سلطان کالونی سنانواں روڈ پر کی گئیں۔ اس موقع پر پولیس چوکی سلطان کالونی کی ٹیم بھی محکمہ صحت کے اہلکاروں کے ہمراہ موجود تھی۔ عوامی حلقوں نے کارروائی کو سراہتے ہوئے اتائی ڈاکٹروں اور غیر قانونی طبی مراکز کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھنے کا مطالبہ کیا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments