کوٹ ادو میں وارداتیں، رقبے پر 60 افراد کا دھاوا، ملازم یرغمال

کوٹ ادو میں وارداتیں، رقبے پر 60 افراد کا دھاوا، ملازم یرغمال

ملازمین پر تشدد، 4لاکھ کی گائے چوری، 6 لاکھ روپے واپس نہ کرنے پر تین مقدمات

کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) کوٹ ادو اور گردونواح میں مختلف واقعات کے دوران 60 سے زائد افراد نے مبینہ طور پر ایک رقبے پر دھاوا بول کر ملازمین کو تشدد کا نشانہ بنایا اور ایک ملازم کو رسیوں سے باندھ کر حبس بے جا میں رکھا۔ دیگر واقعات میں بھانہ سے چار لاکھ روپے مالیت کی گائے چوری کرلی گئی جبکہ چھ لاکھ روپے بطور امانت لے کر واپس نہ کرنے پر بھی مقدمہ درج کرلیا گیا۔ پولیس نے تینوں واقعات کے الگ الگ مقدمات درج کرلیے ۔تفصیلات کے مطابق تھانہ سٹی چوک سرور شہید میں ناصر عباس کی مدعیت میں درج مقدمے کے مطابق وہ ڈاکٹر محمد زبیر ندیم سنبل کے چک نمبر 569 ٹی ڈی اے میں واقع رقبے پر منیجر کاردار ہے ۔ 7 نومبر کو اس کی غیر موجودگی میں محمد اصغر سمیت 60 سے زائد نامزد اور نامعلوم افراد مبینہ طور پر رقبے میں داخل ہوئے اور ملازمین محمد ضیاء اور جمعہ خان کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ محمد ضیاء موقع سے فرار ہوگیا جبکہ ملزمان نے جمعہ خان کو رسیوں سے باندھ کر حبس بے جا میں رکھا اور اس کی جیب سے 7 ہزار 700 روپے بھی نکال لیے ۔ تھانہ دائرہ دین پناہ میں ظفر اقبال نے مقدمہ درج کراتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ 2 نومبر کی درمیانی شب نامعلوم ملزمان اس کے بھانے سے چار لاکھ روپے مالیت کی سفید رنگ اور کالے دھبوں والی نسلی فریژین گائے چوری کرکے لے گئے ۔ تھانہ سنانواں میں خدابخش کی مدعیت میں محمد اسلم اور محمد اعظم چانڈیہ کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ مدعی کے مطابق ملزمان نے 16 اگست کو ایک ہفتے کے لیے چھ لاکھ روپے بطور امانت لیے ، تاہم بار بار مطالبے کے باوجود رقم واپس نہ کی اور مبینہ طور پر جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...