تعلیمی اداروں تک منشیات کی رسائی، والدین شدید پریشان
چرس، شراب، ویپ اور آئس کااستعمال ،فوری کارروائی اورمؤثر نگرانی کا مطالبہ
وہاڑی،گگومنڈی (نمائندہ خصوصی،نامہ نگار) وہاڑی میں منشیات کی مبینہ آسان دستیابی اور نوجوانوں میں نشہ آور اشیا کے استعمال کے بڑھتے رجحان نے والدین اور شہریوں کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق بعض تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلبہ کے چرس، شراب اور ویپ استعمال کرنے کی اطلاعات ہیں، جبکہ بعض نوجوانوں کے آئس جیسے خطرناک نشے کی طرف راغب ہونے کی بھی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ بعض نوجوانوں میں چرس اور ویپ کا استعمال فیشن بنتا جا رہا ہے ، جبکہ منشیات کے خلاف مؤثر کارروائی نہ ہونے سے مبینہ طور پر منشیات فروشوں کو تعلیمی اداروں کے قریب سرگرمیاں بڑھانے کا موقع مل رہا ہے ۔ والدین کو اپنے بچوں کے مستقبل کے حوالے سے شدید خدشات لاحق ہیں۔شہریوں نے اعلیٰ حکام، محکمہ تعلیم اور پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ، تعلیمی اداروں کے اطراف نگرانی کا نظام مؤثر بنایا جائے اور قانون و ضابطے کے مطابق والدین کی رضامندی سے طلبہ کے ڈوپ ٹیسٹ کرانے کے اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو منشیات سے محفوظ رکھنے کے لیے فوری اور مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments