سموگ فری ملتان کیلئے اقدامات تیز،محکمہ ماحولیات کی ریلی

سموگ فری ملتان کیلئے اقدامات تیز،محکمہ ماحولیات کی ریلی

اینٹی سموگ وہیکلز سے سپرے ،سڑکوں کی دھلائی،بھٹوں کیخلاف ایکشن

ملتا ن( وقائع نگار خصوصی)ضلعی انتظامیہ ملتان کی جانب سے سموگ کے تدارک اور شہر کو سموگ فری بنانے کے لئے اقدامات مزید تیز کر دیئے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی ہدایت پر محکمہ ماحولیات کے زیر اہتمام چوک گھنٹہ گھر پر آگاہی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات منزہ نسیم نے کی۔ ریلی کے دوران شہریوں کو سموگ کے مضر اثرات سے آگاہ کرنے اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا پیغام دیا گیا۔ اس موقع پر چوک گھنٹہ گھر اور اطراف کے علاقوں میں جدید اینٹی سموگ وہیکلز کے ذریعے سپرے بھی کیا گیا تاکہ فضائی آلودگی میں کمی لانے اور ماحول کو صاف رکھنے میں مدد مل سکے جبکہ ستھرا پنجاب ایجنسی کی جانب سے سڑکوں کو دھویا گیا۔

ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات منزہ نسیم نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی ہدایت پر شہر میں سموگ کے تدارک کے لئے دو جدید سموگ گننز منگوائی گئی ہیں جن کے استعمال سے شہر اولیاء کے ایئر کوالٹی انڈیکس میں مزید بہتری لانے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سموگ کے باعث شہریوں کی صحت کو لاحق خطرات کے پیش نظر ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں جبکہ بھٹوں، فیکٹریوں اور کارخانوں کے خلاف بھی بلاتفریق آپریشن کیا جا رہا ہے ۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ سموگ کے تدارک کے لئے ضلعی انتظامیہ کی جاری مہم میں بھرپور تعاون کریں، ماحول کو آلودہ کرنے والے عوامل سے اجتناب کریں اور شہر کو صاف، صحت مند اور سموگ سے پاک بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...