مونڈکا بی ایچ یو میں عملہ غائب، اسسٹنٹ کمشنر کا سخت نوٹس
میڈیکل آفیسر، نرسنگ سٹاف سمیت تمام اہلکار غیر حاضر، شوکاز نوٹس جاری
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر ) ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر اُم حبیبہ نے مونڈکا اور یونین کونسل داڑیں کے مختلف سرکاری اداروں کا دورہ کیا اور انتظامی، تعلیمی، طبی سہولیات سمیت صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر نے مونڈکا کے بنیادی مرکز صحت (بی ایچ یو) کا اچانک معائنہ کیا تو ڈیوٹی اوقات میں میڈیکل آفیسر، نرسنگ اسٹاف اور فارماسسٹ سمیت کوئی بھی متعلقہ اہلکار موجود نہ تھا۔ عملے کی مکمل غیر حاضری پر انہوں نے سخت نوٹس لیتے ہوئے غیر حاضر ملازمین کو شوکاز نوٹس جاری کرکے وضاحت طلب کرلی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سرکاری مراکز صحت میں عملے کی حاضری اور مریضوں کو علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی، جبکہ ڈیوٹی میں غفلت اور لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ بعدازاں انہوں نے سینٹر آف ایکسیلنس مونڈکا کا دورہ کرکے تعلیمی اور انتظامی امور کا جائزہ لیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے مونڈکا اور یونین کونسل داڑیں میں ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت جاری صفائی آپریشن کا بھی معائنہ کیا اور صفائی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے صفائی ورکرز کی محنت کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ یہ محنت کش ہمارے اصل ہیروز ہیں، جن کی خدمات قابل تحسین ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments