کرشنگ سیزن شروع نہ ہونے پر کاشتکار پریشان

کرشنگ سیزن شروع نہ ہونے پر کاشتکار پریشان

کرشنگ شروع ہوئی نہ گنے کی امدادی قیمت مقررہوسکی، شوگر ملیں 450 روپے سے کم دینے کی خواہاں اور کاشتکار 550 روپے کے طلبگار،کسانوں کا معاشی استحصال، اربوں روپے کا نقصانکھاد، بیج، ڈیزل اور دیگر زرعی مداخل کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ، پورا سال محنت اور بھاری اخراجات ، کرشنگ سیزن فوری طور پرشروع اور گنے کی قیمت 550 روپے مقرر کرنے کا مطالبہ

ملتان(جام بابر سے )جنوبی پنجاب میں شوگر ملوں کی جانب سے تاحال کرشنگ سیزن کا آغاز نہ کیے جانے پر گنے کے کاشتکار شدید پریشانی کا شکار ہو گئے ہیں۔ دوسری جانب گنے کی فی من قیمت بھی تاحال سرکاری سطح پر مقرر نہیں کی جا سکی۔ کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ گنے کی مناسب قیمت کم از کم 550 روپے فی من مقرر کی جائے جبکہ شوگر ملیں 450 روپے سے بھی کم قیمت دینے کی بات کر رہی ہیں۔ کاشتکاروں کے مطابق کھاد، بیج، ڈیزل اور دیگر زرعی مداخل کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ ہو چکا ہے ۔ پورا سال محنت اور بھاری اخراجات کے بعد اگر مناسب معاوضہ نہ ملا تو کسان شدید مالی مشکلات کا شکار ہو جائیں گے ۔ کاشتکاروں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت فوری طور پر گنے کی امدادی قیمت کا اعلان کرے اور شوگر ملوں کے مالکان کو کرشنگ سیزن جلد شروع کرنے کا پابند بنایا جائے تاکہ کسانوں کو مزید مشکلات سے بچایا جا سکے ۔کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ حکومت زرعی پولیسیاں بنانے پر غیر سنجیدہ نظر آرہی ہے ، یہی وجہ ہے کہ تا حال کرشنگ کا سیزن شروع کیا گیا ہے اور نہ ہی کاشت کاروں کو یہ پتہ ہے کہ حکومت گنے کی امدادی قیمت کیا مقرر کرتی ہے ۔ان کا یہ کہنا ہے کہ اس سے کسانوں کو اربوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے ۔کاشتکاروں کا مزید کہنا ہے کہ دیگر ترقی یافتہ ممالک میں 10 سے 20 سال کی زرعی پالیسیاں بنائی جاتی ہیں تاہم پاکستان وہ واحد ملک ہے جہاں پر چھ ماہ کی بھی زرعی پالیسی نہیں بنائی جاتی جس کی وجہ سے کاشتکار پریشانی سے دوچار ہے ۔انہوں نے کہا ہے کہ گنے کی فی من امدادی قیمت ساڑھے پانچ سو روپے مقرر کی جائے تاکہ ان کا مزید معاشی استحصال نہ ہو سکے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...