فضائی آلودگی سے تحفظ کیلئے اجتماعی اقدامات ناگزیر،تنویر الحق

 فضائی آلودگی سے تحفظ کیلئے اجتماعی اقدامات ناگزیر،تنویر الحق

فصلوں کی باقیات ٹھکانے لگانے کیلئے مشینری کی خریداری پر رعایت دے رہے

ملتان (خصوصی رپورٹر)زرعی یونیورسٹی ملتان کے شعبہ علومِ مٹی و ماحولیاتی سائنسز کے زیرِ اہتمام ‘‘سموگ کا مقابلہ کریں، سرسبز ماحول اپنائیں’’ کے عنوان سے آگاہی سیمینار منعقد ہوا، جس کا مقصد سموگ کے بڑھتے ہوئے خطرات اور انسانی صحت، زراعت اور ماحولیات پر اس کے مضر اثرات سے آگاہی فراہم کرنا تھا۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے شعبہ علومِ مٹی کے چیئرمین ڈاکٹر تنویر الحق نے فضائی آلودگی کی وجوہات، فضائی معیار کی نگرانی اور سموگ کی روک تھام پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے فصلوں کی باقیات جلانے، صنعتی سرگرمیوں اور دیگر انسانی عوامل کو فضائی آلودگی کی اہم وجوہات قرار دیتے ہوئے اجتماعی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

اربن یونٹ کے عابد حسین نے فضائی معیار کی نگرانی اور آلودگی پر قابو پانے کے لئے حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔ روٹری کلب کے سلیم ناصر نے ماحولیاتی آگاہی اور فلاحی سرگرمیوں میں ادارے کے کردار کو اجاگر کیا، جبکہ عالمی ادارہ برائے تحفظِ فطرت کے میلاد حسن نے بتایا کہ فصلوں کی باقیات کے مؤثر انتظام کے لئے کسانوں کو جدید مشینری کی خریداری پر 60 فیصد حکومتی رعایت فراہم کی جا رہی ہے ۔ڈاکٹر شکیل احمد نے سموگ کی تشکیل، اسباب اور انسانی صحت، فصلوں، مویشیوں اور ماحولیات پر اس کے منفی اثرات بیان کرتے ہوئے فصلوں کی باقیات جلانے ، کیمیائی کھادوں اور جانوروں کے فضلے سے خارج ہونے والی امونیا گیس کو فضائی آلودگی کے اہم عوامل قرار دیا۔سیمینار کے دوران طلبہ کے مابین پوسٹر سازی کا مقابلہ بھی منعقد ہوا اور نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں میں اسناد تقسیم کی گئیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...