سات سرکاری میڈیکل یونیورسٹیوں کا انٹر یونیورسٹی بورڈ تشکیل

 سات سرکاری میڈیکل یونیورسٹیوں کا انٹر یونیورسٹی بورڈ تشکیل

وائس چانسلر یو ایچ ایس کنوینر مقرر، یکساں نصاب، طبی تربیت کا معیار طے ہوگا

ملتان (خصوصی رپورٹر)حکومت پنجاب نے صوبے کی سات سرکاری میڈیکل یونیورسٹیوں کے تعلیمی اور انتظامی معاملات میں ہم آہنگی پیدا کرنے کیلئے اعلیٰ سطحی انٹر یونیورسٹی بورڈ تشکیل دے دیا ہے ۔ وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس)لاہور کو بورڈ کا کنوینر مقرر کیا گیا ہے ، جبکہ دیگر چھ سرکاری میڈیکل یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز اس کے ارکان ہوں گے ۔ بورڈ میں کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی، فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی، نشتر میڈیکل یونیورسٹی، فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی، راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلرز کو رکن نامزد کیا گیا ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق انٹر یونیورسٹی بورڈ کا بنیادی مقصد پنجاب کی تمام سرکاری میڈیکل یونیورسٹیوں میں اعلیٰ طبی تعلیم، خصوصاً پوسٹ گریجویٹ تعلیم اور تربیت کا یکساں معیار یقینی بنانا ہے ۔ بورڈ صوبے کی سرکاری میڈیکل یونیورسٹیوں میں یکساں نصاب متعارف کرانے کے ساتھ مختلف طبی شعبوں میں عملی تربیت اور مہارت کے یکساں معیار بھی مقرر کرے گا۔بورڈ امتحانی نظام کو ہم آہنگ کرنے اور میڈیکل اساتذہ کی کارکردگی جانچنے کے لئے یکساں معیار وضع کرے گا، تاکہ تمام سرکاری طبی اداروں میں تدریسی، امتحانی اور تربیتی نظام میں بہتری اور یکسانیت لائی جا سکے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...