دھی رانی پروگرام ،مظفر گڑھ میں 210جوڑوں کی شادی
2 لاکھ سلامی و عروسی ملبوسات فراہم، سہیل شوکت ، کمشنر ودیگر کی شرکت
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے دھی رانی پروگرام 2026-27 کے تحت مظفرگڑھ میں 210 مستحق جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کی پروقار تقریب سپورٹس گراؤنڈ ملتان روڈ پر منعقد ہوئی۔ تقریب میں صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر کمشنر ڈیرہ غازی خان اشفاق احمد چوہدری، ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ عثمان طاہر جپہ، ایم پی اے سردار اجمل خان چانڈیہ اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔اجتماعی شادیوں میں 3 اقلیتی اور ایک معذور جوڑا بھی شامل تھا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے ہر دلہن کو 2 لاکھ روپے سلامی بذریعہ اے ٹی ایم کارڈ اور عروسی ملبوسات فراہم کیے گئے تاکہ مستحق خاندانوں کی مالی مشکلات کم کی جاسکیں۔صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ دھی رانی پروگرام مستحق خاندانوں کی خوشیوں میں حکومتی شمولیت اور بیٹیوں کو عزت و وقار کے ساتھ رخصت کرنے کا عملی اقدام ہے ۔ حکومت پنجاب عوامی فلاح کے منصوبوں کے ذریعے والدین کی مشکلات کم کرنے کے لیے کوشاں ہے ۔کمشنر اشفاق احمد چوہدری اور ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ پروگرام پر مؤثر عملدرآمد اور بہترین انتظامات یقینی بنا رہی ہے ۔اس موقع پر مہمانان خصوصی نے نو بیاہتا جوڑوں اور ان کے اہل خانہ کو مبارکباد دی۔ اور خوشحال زندگی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ تقریب میں صوفیانہ کلام بھی پیش کیا گیا۔ انتظامات ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر چوہدری اظہر یوسف کی نگرانی میں مکمل کیے گئے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments