صوبے آئینی طریقے سے بننے چاہئیں،عون عباس بپی
پی ٹی آئی ان کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کیخلاف ان کے ساتھ کھڑی ہے
بورے والا (سٹی رپورٹر)تحریک انصاف کے سینیٹر عون عباس بپی نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کے لیے کسی پر فیصلے زبردستی مسلط کرنا درست نہیں۔ صوبے ضرور بننے چاہئیں، تاہم اس کے لیے آئینی طریقہ کار اختیار کیا جائے تاکہ تمام معاملات بہتر انداز میں حل ہوسکیں۔وہ بورے والا میں پی ٹی آئی رہنما ثاقب اعجاز بھٹی کے بھائی کی شادی میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں حیرت ہے کہ بلاول بھٹو سندھ میں نئے صوبے کے قیام کی مخالفت کرتے ہیں، جبکہ پنجاب میں صرف ایک صوبہ بنانے کی بات کرتے ہیں۔ صوبوں کا قیام کسی سیاسی جماعت کی منشا کے بجائے عوامی ضروریات اور آئینی تقاضوں کے مطابق ہونا چاہیے ۔عون عباس بپی نے کہا کہ جنوبی پنجاب، بہاولپور اور پوٹھوہار کے لیے الگ صوبے ضروری ہیں۔ عمران خان کا بھی صوبوں کے قیام کے حق میں مؤقف ہے ، تاہم اختلاف صرف طریقہ کار پر ہے ۔ کراچی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ حساس معاملہ ہے ، اس لیے کوئی بھی فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا جانا چاہیے ۔مولانا فضل الرحمان کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ان کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کے خلاف ان کے ساتھ کھڑی ہے ۔اس موقع پر ایم این اے بیرسٹر عمیر نیازی، سابق ایم این اے چوہدری طاہر اقبال اور دیگر پارٹی رہنما بھی موجود تھے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments