سرگودھا میں ٹرانسفارمرز چوری کی وارداتیں روکنے کیلئے اقدامات شروع کر دیئے گئے

سرگودھا میں ٹرانسفارمرز چوری کی وارداتیں  روکنے کیلئے اقدامات شروع کر دیئے گئے

3 اضلاع سے گزشتہ پانچ سال کے دوران لگ بھگ160 سے زائد ٹرانسفارمرز غائب ہوئے ، واپڈا نے صرف مقدمات کرانے پر ہی اکتفا کیا ،واقعات نہ رکنے پر حکومت کا ایکشن ،جلد افسروں سے جواب طلبی ہو گی

سرگودھا(نامہ نگار)سرگودھاسرکل میں ٹرانسفارمرز چوری کے حوالے مربوط میکنزم نہ ہونے کے باعث سرکاری خزانے کو خطیر نقصان پہنچ رہا ہے جس میں متعلقہ افسروں کی سنگین غفلت بھی ایک بڑی وجہ قرار دی گئی ہے ، ذرائع کے مطابق سرگودھاسرکل کے 3 اضلاع سے گزشتہ پانچ سال کے دوران لگ بھگ160 سے زائد ٹرانسفارمرزمختلف علاقوں سے غائب ہوئے ، اس دورانیہ میں ٹرانسفارمرز کے ساتھ ساتھ ان کے کوائلز کی چوری کے مقدمات تواتر سے درج تو ہوتے رہے مگر 90فیصد سے زائد وارداتوں کا کوئی سراغ نہیں لگ سکا، اور نہ ہی یہ مقدمات انجام کو پہنچ سکے ،جس کی یہ وجہ سامنے آئی ہے کہ واپڈا حکام نے صرف مقدما ت کے اندراج تک ہی اکتفا کر کے اس جانب کوئی توجہ نہ دی ،ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کے ایک ذیلی شعبہ کی جانب سے اس صورتحال کا نوٹس لیا گیا ہے ،جلد متعلقہ افسران سے ٹرانسفارمرز چوری کے مقدمات میں پیش رفت نہ ہونے کی وجوہات طلب کی جائینگی،جبکہ چوری کی روک تھام کیلئے مربوط حکمت عملی وضع کرنے کیلئے بھی اقدامات شروع کر دیئے گئے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں