بدعنوان افسروں اور ملازمین کے ریفرنس اینٹی کرپشن میں بھجوانے,ملازمت سے فارغ کرنیکا حکم

بدعنوان افسروں اور ملازمین کے ریفرنس اینٹی کرپشن میں بھجوانے,ملازمت سے فارغ کرنیکا حکم

افسر او رعملہ کی صبح 9بجے حاضری کو یقینی بنایاجائے ،ڈپٹی کمشنر روزانہ کی بنیاد پر دفاتر میں چھاپے ماریں ،قیمتوں میں استحکام رکھنے پر توجہ دی جائے : کمشنر ڈاکٹر فرح کا اجلاس میں اظہار خیال

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)کمشنر ڈاکٹر فرح مسعود نے ڈپٹی کمشنروں پر واضح کیاہے کہ وہ اپنے ماتحت اداروں میں کرپشن کے خلاف زیروٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بناتے ہوئے بدعنوانی میں ملوث افسر اور ملازمین کے ریفرنسز اینٹی کرپشن میں بھجوائے جائیں او رانہیں ملازمتوں سے فارغ کیاجائے ۔سرکاری اداروں میں افسر او رعملہ کی صبح 9بجے حاضری کو یقینی بنایاجائے ۔ سروس ڈلیوری کے اداروں میں صبح 9بجے سے سہ پہر چار بجے تک تمام افسر او رملازمین حاضر ہونے چاہئیں ۔ ڈپٹی کمشنر روزانہ کی بنیاد پر دفاتر میں صبح 9بجے چھاپے ماریں ۔ یہ ہدایات انہوں نے اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کیں ۔ کمشنر نے کہاکہ کوئی بھی سائل سرکاری دفاتر سے مایوس نہیں لوٹنا چاہیے ۔پرائس کنٹرول میکنزم او رپرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کاجائزہ لیتے ہوئے کمشنر نے ڈپٹی کمشنر وں پر زور دیا کہ وہ قیمتوں میں استحکام رکھنے او رمہنگائی کیلئے قابل عمل ماڈل بنائیں ۔ انہوں نے ذخیرہ اندوزوں او رمصنوعی مہنگائی کرنیوالے عناصر کیخلاف بلاتفریق کارروائیاں جاری رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں