محکمہ صحت کے کلرکوں دیگرعملہ نے ہسپتال،کلینک کھول لئے

محکمہ صحت کے کلرکوں دیگرعملہ نے ہسپتال،کلینک کھول لئے

شہر اور دیہات میں شام کو یہ افراد باقاعدہ ڈاکٹرز کی طرح پریکٹس کر تے ہیں،کسی جاننے والے ڈاکٹر کا بورڈ لگا کر سادہ لوح عوام کو لوٹنے کا دھندا جاری ،ذرائع

سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) محکمہ صحت کے بعض کلرک اوردیگر نان کوالیفائیڈ عملہ کی بڑی تعداد نے اپنے پرائیویٹ ہسپتال اور کلینک بنارکھے ہیں، جہاں شام کو یہ افراد باقاعدہ ڈاکٹر کی طرح پریکٹس کر تے ہیں، یہ کلینک شہر اور دیہات میں بڑی تعداد میں عرصہ سے کام کر رہے ہیں، ذرائع کے مطابق ان ہسپتالوں میں اور کلینکس میں کسی بھی جاننے والے ڈاکٹر کے نام کا بورڈ لگا دیا جاتا ہے اور سرعام سادہ لوح عوام کو علاج کے نام پر لوٹا جا رہا ہے ، ان ہسپتالوں میں چھوٹے بڑے آپریشن بھی معمول ہیں، جن میں زچہ و بچہ کے چھوٹے بڑے آپریشن سمیت دیگرنوعیت کے آپریشن بھی شامل ہیں،ستم ظریفی یہ ہے کہ ان سارے حقائق کا علم محکمہ صحت سرگودھا سمیت دیگر اعلیٰ افسران کو بھی ہے ، جواپنے پیٹی بھائیوں کو ہاتھ ڈالنے کی بجائے عام آدمی کو پکڑ کر عطائیت کے خاتمہ کا علم بلند کرنے کیلئے کوشاں ہیں یہ نان کوالیفائیڈ اور نان ٹیکنیکل سٹاف سرکاری ادویات بھی پرائیویٹ کلینکوں پر استعمال کرتا ہے ،شہری حلقوں نے مذکورہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں