منصوبوں میں تاخیر، افسروں کیخلاف کارروائی

منصوبوں میں تاخیر، افسروں کیخلاف کارروائی

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر اصغر جوئیہ کا ناقص کار کردگی پر ایکسین اور ایس ڈی او ہائی ویز کو سرگودھا چھوڑنے کا حکم جبکہ ترقیاتی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت نہ کرنیوالے افسران کی جواب طلبی اور سخت کارروائی کا عندیہ، صوبائی وزیر محنت و افرادی انصر مجید خان اور ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت ڈپٹی ڈویلپمنٹ پیکیج و سالانہ ترقیاتی پروگرام کے منصوبوں کا اجلاس ڈپٹی کمشنر کے کانفرنس روم میں ہوا ۔

جس میں ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے یاسر بھٹی، اے ڈی سی فنانس شعیب نسوانہ، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سہیل اصغر قاضی، ممبر کنٹونمنٹ بورڈ سرگودہا ذیشان حیدری، سی ای او ایجوکیشن ریاض قدیر بھٹی، سی او میٹروپولیٹن کارپوریشن خالقداد گاڑا، ایس ای آبپاشی کے علاوہ مختلف محکموں کے افسران ونمائندے بھی موجود تھے  جائزہ اجلاس میں چک 47 شمالی کے پارک اور فلائی اوور کو سٹیٹ آف دی آرٹ منصوبے بنانے کیلئے مضبوط و دیرپا جدید ماڈلنگ و ڈیزائینگ استعمال کرنیکی ہدایت کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور معیاری میٹریل کے استعمال پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر نے کمزور پلاننگ اور ترقیاتی فنڈز کے استعمال میں تاخیری حربے اختیار کرنیوالے افسران کو خبردار کیا کہ انھیں ضلع میں قطعی برداشت نہیں کیا جائیگااور ان کی سالانہ رپورٹ کو ان کیلئے سوالیہ نشان بنا دیا جائے گا تاکہ انھیں ان کے غیر ذمہ دارانہ رویوں کے باعث مستقبل میں کسی اہم عہدے پر تعیناتی نہ مل سکے اجلاس میں سٹی ڈویلپمنٹ پیکیج کی22 سکیموں پر اخراجات اور کام کی رفتار کا جائزہ لیا گیا جن پر مجموعی طور پر2 ارب 64 کروڑ 98 لاکھ روپے لاگت آئے گی ان سکیموں پر اب تک 21 کروڑ 61 لاکھ روپے خرچ کیے جا چکے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں