نہریں بند، بھل صفائی کا کام شروع نہ ہوسکا

نہریں بند، بھل صفائی کا کام شروع نہ ہوسکا

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) سرگودھا میں بھل صفائی کیلئے نہروں کی بندش کو کئی روز گزر چکے ہیں مگرشمالی اور جنوبی برانچوں میں 95فیصد مقامات پر ابھی تک بھل صفائی کا آغاز نہیں ہوا۔

 جبکہ اس حوالے سے ٹھیکے پہلے ہی دیئے جا چکے ہیں،’ذرائع کے مطابق سابقہ برسوں کی طرح اس بار بھی مبینہ فرضی کاموں کے عوض بھل صفائی کی مد میں قومی خزانے سے بل نکلوائے جا رہے ہیں ،دوسری جانب بھل صفائی کے بند کی جانیوالی نہروں اور راجباہوں میں لوگوں نے کوڑا کرکٹ پھینکنا شروع کردیا یہی صورتحال شہر کے مختلف علاقوں سے گزرنے والے راجباہوں کی ہے جہاں صفائی تو درکنار الٹا لوگ بڑی تعداد میں کوڑا کرکٹ پھینک رہے ہیں جس سے تعفن اور بدبو سے دوسروں کا برا حال ہے۔

جبکہ محکمہ انہار اور انتظامیہ خواب خرگوش کے مزے لوٹ رہے ہیں بھل صفائی کے حوالے سے زمینداروں اور کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ 5فیصد مقامات میں زیادہ تر وہ علاقے ہیں جہاں کاشتکار اپنے ملازمین یا اپنے طور پر بندوبست کر کے اپنی حدود جس سے ان کی زمینیں سیراب ہوتی ہیں کی نہر اور راجباہوں کی بھل صفائی کروانے پر مجبور ہیں،محکمہ انہار کے افسران نہروں کی بھل صفائی کی بجائے منظم طریقے سے قومی خزانے کی بھل صفائی کر رہے ہیں اور کروڑوں روپیہ بھل صفائی اور پتھر کی مد میں خورد برد کیا جا رہا ہے ’ انہوں نے ارباب اختیار سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں