ترقیاتی پروگراموں کے ٹھیکوں کی بندر بانٹ کا انکشاف

سرگودھا(نامہ نگار) ضلع کونسل، ہائی وے ، لوکل گورنمنٹ اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ سمیت مختلف محکموں کے حالیہ ترقیاتی پروگراموں میں غیر مستند کمپنیاں بنا کربیشتر ٹھیکوں کی بندر بانٹ کا انکشاف ہوا ہے۔۔۔
ذرائع کے مطابق اس ضمن میں صوبائی حکومت کے خاتمے سے قبل ہونیوالے ترقیاتی کاموں کی ابتدائی مانیٹرنگ کے دوران متذکرہ صورتحال کے ساتھ ساتھ یہ بات بھی سامنے آئی کہ ٹھیکیدار کمپنیوں کی اپ گریڈیشن ’ ڈاؤن گریڈیشن’ ڈی لسٹ ’ بلیک لسٹ کا عمل گزشتہ حکومتی دور میں التوا کا شکار رہا جبکہ متعلقہ محکموں کے ضلعی سربراہان کو مراسلے جاری کرتے ہوئے ہدایت کی گئی تھی کہ اینالسٹ کمیٹیاں ہنگامی بنیادوں پر فعال کر کے ان کے ذریعے فرموں کے کاموں کی نگرانی اور میٹریل کی جانچ پڑتال بھی کی جائے ،مگر اس حوالے سے کسی قسم کے اقدام اٹھائے گئے اور نہ ہی جواب دینا ضروری سمجھا گیا،اور تاحال صورتحال جوں کی توں ہے ، اور حالیہ ترقیاتی کاموں کے ٹینڈرز میں بھی کمپنیوں کے بارے میں کسی قسم کی چھان بین نہیں کی گئی، اور زیادہ تر کیسز میں بوگس دستاویزات کا سہارا لے کر کمپنیوں کوپاس کیا گیا ۔