ماڈل بازار اور سپورٹس جیمنیزیم میں فری آٹا نائٹ شفٹ

ماڈل بازار اور سپورٹس جیمنیزیم میں فری آٹا نائٹ شفٹ

بھکر (ڈسٹرکٹ رپورٹر) شہریوں کو مفت آٹے کی فراہمی میں مشکلات کے خاتمہ کیلئے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے ماڈل بازار۔۔۔

 اور سپورٹس جیمنیزیم میں فری آٹا کی تقسیم کیلئے نائٹ شفٹ کا آغاز کردیا ، اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان اور ڈی پی او محمد نوید نے ماڈل بازار اور سپورٹس جیمنیزیم کا دورہ کیا اور شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں کو باآسانی آٹے کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے نائٹ شفٹ شروع کردی ہے ۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان اور ڈی پی او محمد نوید نے مزید کہا کہ حکومتی ہدایات پر عوام الناس کو ریلیف کی دستیابی کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔آٹے کے حصول کیلئے آئے ہوئے شہری ضلعی انتظامیہ اور پولیس سے بھرپور تعاون کریں اور منظم انداز میں آٹا وصول کریں تاکہ کسی قسم کی بدنظمی پیدا نہ ہونے پائے ۔دریں اثنا ڈپٹی کمشنر نے دریا خان اور پنجگرائیں کے فری آٹا پوائنٹس پر انتظامی امور کاجائزہ لیا،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماہ صیام میں ضلع بھر کے فری آٹا پوائنٹس پر عوام الناس کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہوں جس کا بنیادی مقصد فری آٹا پوائنٹس پر نظم و ضبط کو برقرار رکھنا ہے عوام قطعی طور پر پریشان نہ ہوں آخری رجسٹرڈ فرد کو آٹا ملنے تک مفت آٹا تقسیم کا عمل جاری رکھا جائے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں