آبیانہ تاوان، ڈرینج ٹیکس، کینال واٹر چارجز کی ادائيگیاں ای بلنگ کے ذریعے کرنے کا فیصلہ

آبیانہ تاوان، ڈرینج ٹیکس، کینال واٹر چارجز کی ادائيگیاں ای بلنگ کے ذریعے کرنے کا فیصلہ

سرگودھا(نامہ نگار)سرگودھاسمیت ریجن بھر میں آبیانہ، تاوان، ڈرینج ٹیکس، انڈسٹریل ایفیلونٹ چارج ،کینال واٹر چارجز کی ادائیگیاں ای بلنگ کے ذریعے کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے تحصیل سطح پر خصوصی کمیٹیاں قائم کر دی گئیں۔

 ذرائع کے مطابق حکومت کے علم میں آیا ہے کہ متذکرہ واجبات کی وصولیوں کے مینول نظام میں خامیوں اور کرپشن کی وجہ سے سالانہ واجبات کے اہداف مکمل نہیں ہو رہے ،ایف بی آر کی رپورٹ کے مطابق صرف گزشتہ سال سرگودھا کے چاروں اضلاع میں لگ بھگ 38 کروڑ روپے کا نقصان ہوا، جس پر متذکرہ واجبات کی وصولی کیلئے ای بلنگ کا نظام متعارف کروایا جا رہا ہے جس پرتیزی سے کام کا آغاز کر دیا گیا، ای بلنگ نظام کی تکمیل 24 جون 2024 کو ہو گی جس کے تحت زرعی زمینوں ، نہری و سیم نالوں اور ٹیکس دہندگان کے ریکارڈ کو آن لائن کر دیا جائے گا،اس سلسلہ میں اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں تحصیل سطح پر انتظامیہ اور محکمہ انہار کی مشترکہ خصوصی کمیٹیوں کا نوٹیفکیشن اور ٹی او آرز بھی جاری کر دیئے گئے ہیں، اور اس عمل کی براہ راست نگرانی ضلعی انتظامیہ کریگی جبکہ فیلڈ میں ذمہ داریاں نمبر داروں پر عائد کی گئی ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ وصولیوں کے طریقہ کار کے ذریعے جہاں کاشتکاروں اور فیکٹری مالکان کو سہولت ہو گی وہاں کرپشن کی روک تھام میں بھی مدد ملے گی اور ریونیو وصولیوں کے اہداف کی تکمیل ممکن بنائی جا سکے گی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں