سرگودھا کی تعمیر و ترقی کا منصوبہ تیار ، کمیٹی قائم

سرگودھا  کی  تعمیر  و  ترقی  کا   منصوبہ  تیار  ،  کمیٹی  قائم

سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) شہر کی تعمیر وترقی اور خوبصورتی کیلئے ڈویلپرز نے انتظامی اداروں سے مل کر چلنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اپنے ہر قسم کے تعاون کا یقین دلایا ہے ۔

ڈویلپرز کے ایک نمائندہ وفد نے کمشنر محمد اجمل بھٹی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ شعیب علی ’ ڈی جی ایس ڈی اے افتخار علی اور ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل رانا شاہد عمران بھی موجود تھے ۔ ڈویلپرز نے تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن پر کمشنر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے شہر میں کارباری سرگرمیوں میں اضافہ اور خوبصورتی کیلئے اپنے مالی وسائل استعمال میں لانے کی پیش کش کی۔ اس حوالے سے ڈویلپرز کے تین ممبران پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جس میں کمشنر اور ڈپٹی کمشنر دفتر کا افسر بطور نمائندہ شامل ہو گا۔ کمیٹی لاری اڈا روڈ ’لاہور روڈ اور بلاک نمبر3 اور 2 سمیت اندرون بازاروں کی خوبصورتی ’ کاروبار ی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے روڈ میپ تیار کرے گی۔ کمیٹی اپنا فنڈ قائم کرے گی،پہلے مرحلہ میں قینچی موڑ سے پرانا پل سٹیلائٹ ٹا ئون سٹرک کے دونوں اطراف بڑے سائز کے درخت لگائے جائیں گے ۔دوسرے مرحلہ میں شہر کے پانچ چوراہوں کی تزئین وآرائش ، گرین بیلٹس کی تعمیر اور بلاک نمبر 2 اور 3 کے بازاروں میں ٹف ٹائلز لگائی جائیگی۔ان بازاروں کے چوراہوں میں بڑے سائز کے کیبن بنائے جائیں گے جو کاروباری افراد کو کرایہ پر دیئے جائیں گے ۔ کمشنر محمد اجمل بھٹی نے نے بتایا کہ ایشین ڈویلپمنٹ بنک نے شہر کیلئے ایک جامع ماسٹر پلان تیار کیاہے جس پر جلد آغاز ہو جائیگا،اس پلان کے تحت شہر میں فراہمی ونکاسی آب کے مسائل حل ہوں گے اور تفریحی مقامات میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے واضح کیاکہ شہر کی تعمیر وترقی او رخوبصورتی کے معاملہ میں کوئی انتظامی افسر پیسوں کے لین دین میں نہیں آئے گا ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں