کارپوریشن کا عملہ کوڑا جلانے سے باز نہ آیا، سموگ کنٹرول کرنے کے اقدامات ناکام

کارپوریشن  کا  عملہ  کوڑا  جلانے  سے  باز  نہ  آیا،  سموگ  کنٹرول  کرنے  کے  اقدامات  ناکام

سرگودھا(سٹاف رپورٹر )تحفظ ماحولیات حکام کی بار بار وارننگ کے باوجود میٹروپولیٹن کارپوریشن افسران حکومتی گائیڈ لائن پر عملدرآمد کروانے میں بری طرح ناکام ہے ،شہر میں سموگ کی روک تھام کے اقدامات فیلڈ ملازمین کی غفلت کی نذر ہو گئے ۔۔

تفصیلات کے مطابق مختلف علاقوں سے جمع شدہ کوڑا کرکٹ مناسب طریقے سے تلف کرنے کی بجائے اسے آگ لگا کر ماحول کو مزید آلودہ کرنے کا سلسلہ بدستورجاری کر رکھا ہے ،باعث تشویش امر یہ ہے کہ کوڑا کرکٹ کو مناسب ٹھکانے لگانے کیلئے سرکاری خزانے سے روزانہ بھاری فنڈز جاری کروانے کے ساتھ ساتھ وسائل کا ایک بڑا حصہ خرچ کیا جاتا ہے مگر صورتحال بہتر ہونے کی بجائے مزید بگڑ رہی ہے ، بیشتر علاقوں میں شام کے بعد یا صبح سویرے کارپوریشن عملہ جمع شدہ کوڑے کا ایک بڑا حصہ جلا دیتا ہے جس سے ہر طرف اٹھنے والے دھویں کے بادلوں کے باعث اطراف کے مکینوں کا بھی برا حال ہے ،اور ممکنہ سموگ میں اضافہ کے خدشات بھی پیدا ہو گئے ہیں جس پر تحفظ ماحولیات ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ سی او کارپوریشن اس حوالے سے سختی سے پابندی پر عملدرآمد کرواتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف کاروائی عمل میں لائیں ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں