ڈینگی کے خطرات،غفلت کے متحمل نہیں ہوسکتے ،شعیب نسوانہ
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ شعیب نسوانہ نے کہاہے کہ موجودہ موسم میں ڈینگی وائرس کے موجود سنگین خطرات کے پیش نظر احتیاطی و حفاظتی تدابیر پر عمل درآمد بے حد توجہ اور احساس کا متقاضی ہے جس میں غفلت یاعدم توجہی کے متحمل نہیں ہوسکتے ۔
لہٰذا ایس او پیز کی پابندی نہ کرنے اور لاروا برآمد ہونے کی صورت میں پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیز کے منتظمین کے خلاف مقدمات درج کرانے پر مجبور ہونگے اس سلسلے میں محکمہ صحت کی مانیٹرنگ ٹیمیں سرگرم عمل رہیں گی اور انسپکشن کے دوران انسداد ڈینگی قوانین پر عمل نہ کرنیوالے قانون کی زد میں آئینگے ۔ یہ بات انہوں نے ضلعی ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سی او ہیلتھ ڈاکٹر اسد اسلم اور ڈاکٹر طارق سلیم کے علاؤہ دیگر محکموں کے افسران بھی شریک ہوئے ۔ اے ڈی سی ایف اینڈ پی نے کہاکہ ڈینگی وائرس کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کی خطرناک صورت حال باعث تشویش ہے جس پر کماحقہ قابو پانے کیلئے معاشرے میں ہرسطح کا تعاون ناگزیر ہے ۔