یونیورسٹی آف سرگودھا میں کیرئیر ڈویلپمنٹ سنٹر کا آگاہی پروگرام
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) یونیورسٹی آف سرگودھا میں کیرئیر ڈویلپمنٹ سنٹر کے زیر اہتمام ایک روزہ ‘‘فریش مین اورینٹیشن’’ کے عنوان سے طالب علموں کے لئے آگاہی پروگرام کا اہتمام کیا گیا۔
اس اورینٹیشن کا اہتمام یونیورسٹی کے اظہار ایلے میں کیا گیا جس کے ذریعے یونیورسٹی میں نئے آنے والے طالب علموں کو مختلف تعلیمی، تحقیقی اور انتظامی شعبہ جات کے بارے میں خصوصی آگاہی اور مفید معلومات دی گئیں کہ کس طرح یونیورسٹی کے تمام شعبہ جات اور ادارے کام کررہے ہیں اور ان کے قیام کا کیا مقصد ہے ۔ آگاہی پروگرام کے تحت یونیورسٹی کے 20 سے زائد شعبہ جات کے معلوماتی اسٹال لگائے گئے جس میں باقاعدہ تحریری کتابچوں کے ذریعے طالب علموں کو معلومات فراہم کی گئیں۔ اسٹالز کا باقاعدہ افتتاح وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کیا اور تمام اسٹالز کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر نے طالب علموں سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی میں داخلہ لینے کے بعد انہیں بروقت معلومات اور رہنمائی دینا تمام سربراہانِ شعبہ کا فرض ہے اور ہمارے طالب علم ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں ۔