آر پی او کی زیر صدارت ریجن بھر کی اقلیتی براردی کا اجلاس
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) آر پی او شارق کمال صدیقی کی زیرِصدارت ریجن بھرکی اقلیتی برادری کے نمائندگان کے ساتھ اجلاس آر پی او آفس میں منعقد ہوا۔
جس میں چاروں اضلاع کے ڈی پی اوز اور اقلیتی برادری کے نمائندگان نے شرکت کی۔اجلاس میں اقلیتوں کو درپیش پولیس سے متعلق مسائل کے حل کیلئے تجاویز پر غور کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آر پی او شارق کمال صدیقی نے کہا کہ تمام اضلاع میں میثاق سنٹر کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جہاں اقلیتی برادری کے مسائل کو فوری حل کیا جائے گا۔ ہم سب پاکستانی ہیں اور یہ ہماری بنیادی پہچان ہے پاکستان میں مختلف مذاہب کے لوگ باہمی محبت اور اتفاق کے ساتھ گلدستے کی طرح رہ رہے ہیں یہی ہمارے معاشرے کی خوبصورتی ہے ۔میثاق سنٹربننے سے آپ کا رابطہ پولیس سے مزید بہتر ہوا ہے جہاں پر اقلیتی برادری کے مسائل فوری حل کیے جا رہے ہیں اقلیتی برادری کے نمائندگان کا کہنا تھا کہ امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے میں سرگودھا ریجن پولیس نے مثالی کردار ادا کیا ہے جو قابل تحسین ہے ۔ آر پی او نے مزید کہا کہ آئین و قانون کے مطابق کسی کو کسی پر کوئی فوقیت حاصل نہیں تمام شہری برابر حقوق کے حامل ہیں۔ تمام شہریوں کو بلا تفریق تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے پرامن معاشرے کی تشکیل کا خواب ہم سب کی مشترکہ کوششوں سے شرمندہ تعبیر ہو گا۔