کمشنر کی زیرصدارت اجلاس:سرکاری ہسپتالوں میں سہولیات کیلئے اہم فیصلے
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) کمشنر محمد اجمل بھٹی کی زیر صدارت اجلاس میں سرکاری ہسپتالوں میں عدم دستیاب سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کے حوالے سے کئی اہم فیصلے کئے گئے جس میں طے پایا گیا کہ سرکاری ہسپتالوں کی ناکارہ مشینری ، آلات اور بیڈز سمیت دیگر سامان کو نیلام کیاجائیگا ۔
اجلاس میں ادویات کی خریداری او ریوٹیلٹی بلز کی ادائیگی کے حوالے سے بھی پالیسی تشکیل دی گئی ۔ کمشنر نے چاروں اضلاع کے سرکاری ہسپتالوں میں ناکارہ سامان کی فہرست تیار کر کے دودنوں میں ان کے دفتر بھجوانے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے ہسپتالوں میں صفائی ستھرائی کو بہتر بنانے ’ ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل سٹاف کی حاضری او ردستیابی کے علاوہ ایمر جنسی میں سوفیصد ادویات کی دستیابی کویقینی بنانے کی ہدایت کی ۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن ریٹائرڈ شعیب علی ’ ڈپٹی کمشنر خوشاب ذیشان شبیر رانا ’ ڈپٹی کمشنر میانوالی سجاد احمد خان ’ ڈپٹی کمشنر بھکر ڈاکٹر نورمحمد اعوان ’ ایڈیشنل کمشنر یاسر بھٹی ’ ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر رانا محمد ریاض اور اے سی جی حافظ عبدالمنان شریک ہوئے ۔