بلڈنگ میٹریل کی قیمتیں بھی آسمان کو چھونے لگیں
جوہرآباد(نمائندہ دُنیا)ملک و قوم پر مسلط ہونیوالے بد ترین مہنگائی کے طوفان کے باعث دیگر اشیائے ضروریہ کے ساتھ ساتھ بلڈنگ میٹریل کی قیمتیں بھی آسمان کو چھونے لگیں جس کے نتیجے میں ترقیاتی منصوبوں پر کام ٹھپ ہو گیا۔۔۔
اور مختلف ترقیاتی سکیموں کے ٹھیکہ جات حاصل کرنیوالی کنسٹرکشن کمپنیوں نے میٹریل کی قیمتیں معمول پر آنے کے انتظار میں ترقیاتی کام ادھورے چھوڑ دیئے ، اطلاعات کے مطابق اس وقت ضلع خوشاب میں کسی بھی ترقیاتی منصوبے پر کام جاری نہیں ، سرکاری ترقیاتی سکیموں کے ساتھ ساتھ نجی سیکٹر میں تعمیراتی کام رکا ہوا ہے ، عوامی حلقوں کے مطابق گذشتہ تین مہینوں میں سیمنٹ ، سریے ، انیٹوں، ایلو مینیم اور ریت و بجری کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوا جس کی وجہ سے صورتحال پیدا ہوئی ، عوامی حلقوں کے مطابق اگر مہنگائی کے عفریت پر قابو نہ پایا گیااور بلڈنگ میٹریل کی موجوجودہ قیمتیں برقرار رہیں تو تما م ترقیاتی منصوبوں کے اخراجات کے تخمینہ جات میں کئی گنا اضافہ ہو سکتا ہے ۔