ذخیرہ اندوزی بلیک مارکیٹنگ : دالیں ، گوشت اور سبزیاں مزید مہنگی

ذخیرہ   اندوزی   بلیک   مارکیٹنگ   :   دالیں ،  گوشت   اور    سبزیاں   مزید   مہنگی

سرگودھا(سٹاف رپورٹر )دالوں، گوشت کے ساتھ ساتھ سبزیوں کی آسمان سے باتیں کرتی قیمتوں نے غریب اور متوسط طبقے کو دو وقت کی روٹی سے محروم کر کے رکھ دیا۔۔۔

 جبکہ مقامی کاشت میں تاخیر اور دیگر اضلاع سے اشیاء منگوا کر فروخت کرنے کی آڑ میں ذخیرہ اندوزی اور بلیک مارکیٹنگ عروج پرپہنچ گئی،تفصیل کے مطابق ان ایام میں فصل ربیع کی کاشت کے ساتھ ساتھ سبزیوں اور پھلوں کی مقامی پیدوار بھی مارکیٹ میں آنا شروع ہو نے سے ان کی قیمتوں میں بھی اعتدال آ جاتا ہے مگر سرگودھا میں صورتحال اس کے برعکس ہے ، ایجنٹ کمیشن اور ذخیرہ اندوزوں نے سبزیاں اور پھلوں کی مصنوعی قلت پیدا کر کے دیگر اضلاع سے منگوانے کی آڑ میں من مانی قیمتوں پر فروخت شروع کر رکھی ہے ، اور ذخیرہ اندوزی بھی اپنے عروج پر ہے ،گزشتہ روز بھی ٹماٹر 140روپے ،آلو 120روپے ،ہر مرچ ، بیگن ، توری 100روپے ،شملہ 200روپے ،کھیرا 100روپے ،ادرک440روپے ، تھوم420روپے ،بھنڈی 140روپے ،گوبھی 100روپے فی کلو تک فروخت ہوتی رہی ، جبکہ دال ماش 620روپے ،مسور420روپے ،ثابت مسور 340روپے ،مونگ 320روپے ،سفید چنا 380روپے ،کالا چنا320روپے ،دال چنا 280روپے ،چاول370روپے فی کلو ہیں ، جس کے باعث صارفین کی قوت خرید جواب دے گئی اور وہ سٹپٹا کر رہ گئے ہیں، مصنوعی مہنگائی کے ذریعے لوٹ مار کا ایک بازار گرم ہے جسے روکنے کیلئے انتظامیہ کی کارکردگی صرف میٹنگز بلانے اورسرکاری اعداد و شمار بڑھا چڑھا کر پیش کرنے تک محدود ہے جبکہ عملی طور پر ناجائز منافع خوری اور سرکاری نرخوں سے زائد پر اشیاء کی فروخت بابت روک تھام مکمل طور پر ٹھپ ہے ، جس پر شہریوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ارباب اختیار سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں