آبی پرندوں کے غیر قانونی شکار کا دھندہ عروج پر پہنچ گیا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)ضلع سرگودھا کے مختلف علاقوں میں محکمہ وائلڈ لائف کے افسران کی ملی بھگت کے باعث آبی پرندوں کے غیر قانونی شکار کا مکروہ دھندہ عروج پر پہنچ گیا۔
ضلع کے درجن کے قریب مقامات پر واقع جھیلوں اور دیگر مقامات جہاں پانی ذخیرہ اور ان میں سروٹ کی بہتات ہے میں آبی پرندوں بالخصوص مرغابی، تلیر، سفید تیتر اور دیگر آبی پرندوں کے علاوہ سائبیرین پرندوں کے غول کے غول آئے ہوئے ہیں، محکمہ وائلڈ لائف کے افسران کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان پرندوں کی نگہداشت کریں اور اس کی نسل کشی کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کروائیں مگر ضلع میں مختلف علاقوں میں واقع جھیلوں اور شکار کے مقامات پر ان دنوں با اثر شخصیات بالخصوص علاقہ کے وڈیرے محکمہ وائلڈ لائف کے عملہ کی ملی بھگت سے ان آبی پرندوں کے شکار میں مصروف ہیں۔ یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ موجودہ سیزن کے دوران کسی بھی شکاری کے خلاف نہ تو کوئی مقدمہ درج کرایا گیا اور نہ ہی شکاریوں پر قابو پایا جا سکا۔