غیر معیاری کھاد،بیج ،جعلی زرعی ادویات کی فروخت جاری
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)مانیٹرنگ ادارے کی جانب سے سرگودھا مہنگے داموں کھاد کی فروخت بابت بار بارنشاندہی کے ساتھ ساتھ غیر معیاری کھاد، جعلی زرعی ادویات اور فصلوں کے غیر معیاری بیجوں کی فروخت کا سلسلہ بھی جاری ہے۔۔۔
جس کی بناء پر ہزاروں زمینداروں کو بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، پنجاب حکومت کی طرف سے اس حوالے سے کریک ڈاؤن کے جاری احکامات دفتری فائلوں میں دب کر رہے گئے، شہر بالخصوص دیہی علاقوں میں درجنوں مقامات پر ڈیلرز نے بڑے بڑے سٹور لے کر ان میں اعلیٰ قسم کی کھاد میں ملاوٹ کر کے دوبارہ گٹوؤں کو بھر کر فروخت کرنے کا دھندہ شروع کر رکھا ہے ، بعض گوداموں پر چھاپے بھی گئے ، اسی طرح مختلف بااثرگروپ شہرسمیت ضلع بھر میں اپنے طور پر غیر معیاری زرعی ادویات تیار کر کے ان کی پیکنگ ملٹی نیشنل کمپنیوں سے ملتی چلتی کر کے مارکیٹ میں فروخت کر رہے ہیں، مزید ستم یہ ہے کہ بڑے زرعی فارموں کے ناموں پر سبزیوں کے ایسے بیج مارکیٹ میں فروخت ہو رہے ہیں جو کہ غیر معیاری ہیں، سادہ لوح زمینداروں کو دو نمبر اشیاء فروخت کر کے یہ گروہ خود تو کروڑوں روپے ماہانہ اپنی تجوریوں میں بھر رہے ہیں اورزمیندار ان اشیاء کے استعمال سے فصلوں کی پیداوار میں کمی کے باعث خطیر نقصان اٹھانا پڑ رہاہے۔