بجلی میٹر ریڈنگ کی تاریخ بڑھا کر اضافی وصولیاں
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)واپڈا سرگودھا سرکل افسران کی پھرتیاں، فیسکو حکام سے اجازت لے کر ریڈنگ کی تاریخ میں توسیع کر کے صارفین کی جیب سے کروڑوں روپے اینٹھ لئے گئے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ ماہ سرگودھا سرکل افسران کی جانب سے لائن لاسز پورا کرنے اور بجلی چوری کی مد میں ہونیوالے نقصان کو پورا کرنے کیلئے 38روز کی ریڈنگ کی گئی جس کیلئے افسروں نے فیسکو حکام سے اجازت لی اور ہر صارف کو38روز کی استعمال شدہ بجلی کا 90فیصد بل بنایا گیا ، دس فیصد بقایاجات میں لکھ کرصارفین کو بھجوا دیئے گئے ، اور یہی بقایا جات قسط کی صورت میں موجودہ بل میں ڈال دیئے گئے ،یہ امر قابل ذکر ہے کہ اضافی دنوں کی ریڈنگ سے 70 فیصد سے زائد صارفین کے ٹیرف ڈبل ہو گئے اور اربوں روپے کی زائد وصولیاں کر لی گئیں جس پر صارفین بلبلا کر رہ گئے، ان کا کہنا ہے کہ موجودہ بلوں میں نامعلوم اقساط کی مد میں واپڈا سرگودھا سرکل نے اربوں روپے اضافی وصول کئے ، جنہیں کوئی پوچھنے والا نہیں،مقررہ تاریخ کے بعد میٹر ریڈنگ کا سلسلہ سراسر نا انصافی ہے ،جس کی وجہ سے صارفین سخت اذیت میں مبتلا ہو کر رہ گئے ہیں، اس سلسلہ میں کسٹمر سروسز کے نمائندے بھی مناسب رہنمائی نہیں کرتے ،حکومت نے فیسکو کو لوٹمار کا لائسنس جاری کررکھا ہے اور چیک اینڈ بیلنس نہ ہونے کی وجہ سے فیسکو لوگوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہیں، چیف جسٹس آف پاکستان اور وفاقی محتسب فوری نوٹس لیں۔