یونیورسٹی آف سرگودھا میں رضاکاروں کے عالمی دن پر سیمینار

یونیورسٹی آف سرگودھا میں رضاکاروں کے عالمی دن پر سیمینار

سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) یونیورسٹی آف سرگودھا میں رضاکاروں کے عالمی دن پر ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔

 یہ سیمینار ڈیپارٹمنٹ آف کمیونیکیشن اینڈ میڈیا سٹڈیز ،نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ، ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان اور پولیس تحفظ مرکز کے باہمی اشتراک سے منعقد کیا گیا جس میں رضا کاروں کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے معاشرے میں رضاکاروں کی اہمیت اور ان کی بے لوث خدمات کو اجاگر کیا گیا۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے چو دھری سعید اﷲ گوندل نے کہا کہ رضا کارانہ خدمات سر انجام دینے والے لوگ اﷲ تعالی کی طرف سے رحمت بن کر آتے ہیں جو تمام عمر بغیر کسی لالچ کے انسانیت کی خدمت کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان ان 50 ممالک کی فہرست میں شامل ہے کہ جن کے پاس دنیا کے سب سے زیادہ رضاکار موجود ہیں۔ڈاکٹر حسن رضاسید نے کہا کہ افراتفری کے اس دور میں انسانیت کی خدمت کے جذبہ کو فروغ دینا بہت ضروری ہے ۔ مہر عمر دراز جھانوری نے کہا کہ رضاکار ہمارے معاشرے کا وہ اثاثہ ہیں جو بلامعاوضہ بغیر کسی لالچ اور طمع کے معاشرے کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کرنا اپنا اوّلین فرض سمجھتے ہیں ۔مختار احمد مرزا نے کہا کہ رضاکار انسانی زندگی کے تمام شعبوں میں بے لوث خدمات فراہم کرتے ہیں ،ڈاکٹر کنور عثمان سعید نے کہا کہ 70 فیصد رضاکارانہ خدمات کا کریڈٹ کسی ادارے کو نہیں بلکہ معاشرے کے ان افراد کو جاتا ہے جو انفرادی طور پر بہت خاموشی کے ساتھ خدمات سر انجام دیتے ہیں۔ شازیہ ممتاز نے کہا کہ ہم معاشرے کی ترقی میں صرف پیسے کے ذریعے ہی اپنا حصہ نہیں ڈال سکتے بلکہ رضا کارانہ خدمات کے ذریعے بھی اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔ سیمینار کے اختتام پر رضاکارانہ خدمات پیش کرنے والے طلبہ میں اعزازی اسناد تقسیم کی گئیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں