صنفی امتیاز کی بنیاد پر نامناسب رویوں کیخلاف تقریب کاانعقاد

صنفی امتیاز کی بنیاد پر نامناسب رویوں کیخلاف تقریب کاانعقاد

جوہرآباد(نمائندہ دُنیا )ڈسٹرکٹ وومن پروٹیکشن سنٹرخوشاب کے زیر اہتمام معاشرہ میں صنفی امتیاز کی بنیاد پر نامناسب رویوں کے خلاف شعور اجاگر کرنے کے لیے 16 روزہ تقاریب کے سلسلے میں گورنمنٹ گریجویٹ کالج جوہر آباد میں تقریب منعقد ہوئی۔۔

 جس کی صدارت ڈسٹرکٹ وومن پروٹیکشن آفیسر خوشاب محترمہ سعدیہ فیروز ملک نے کی۔تقریب کا انتظام اور نظامت کی ذمہ داری انچارج تقاریب ڈاکٹر امیر حمزہ جسرا نے ادا کی۔ سوشل ورک ڈیپارٹمنٹ کے صدر محمد علی راجا نے پروگرام کی غرض و غایت بیان کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں خواتین کو نامناسب رویوں سے محفوظ کرنے کے لیے ایسے پروگرامز کا انعقاد انتہائی ضروری ہے ۔ وومن پروٹیکشن آفیسر ام ایمن نے کہا کہ ہماری کوششوں سے معاشرتی رویے بدل رہے ہیں اور آپ کو یا کسی عزیز کو کبھی بھی ایسی صورت حال کا سامنا ہو تو ہمارا ادارہ ہمہ وقت آپ کی مدد کے لیے حاضر ہے ۔ڈسٹرکٹ ویمن پروٹیکشن آفیسر سعدیہ فیروز ملک نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے زور دیا کہ مرد عورت کا محافظ ہے اگر وہ گھر سے اچھی تربیت کے ماحول سے نکل کر معاشرے میں جائے گا تو یقیناً اس کے رویے میں صنفی امتیاز نہیں ہوگا ۔انہوں نے واضح طور پر کہا کہ ہم تو جس مقام پہ بھی ہوں عزت، وقار اور اعتماد کے ساتھ کھڑی ہوتی ہیں اس کے پیچھے باپ، بھائی،بیٹا یا شوہر کی حیثیت سے مرد کا تحفظ بھرا احساس شامل ہوتا ہے ۔ان کا کہنا تھا عورتوں کے حقوق کے نعروں کو بعض این جی اوز نے انتہائی ناشائستہ اور غلط رنگ دے رکھا ہے جس کی وہ بالکل بھی تائید نہیں کرتیں۔ تقریب میں بی ایس انگلش،اردو،سیاسیات اور معاشیات کے اساتذہ اور طالبات کی ایک بڑی تعداد موجود تھی ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں