بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے رجسٹریشن سینٹر میں سٹاف نہ سہولیات ، سائلین خوار
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) سرگودھا سمیت مختلف اضلاع میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رجسٹریشن کیلئے قائم سنٹرزمسائل کی آماجگاہ اورمتعلقہ افسر وں کی عدم توجہی کا شکار ہو کر رہ گئے ہیں۔۔۔
تفصیل کے مطابق حکومت کی طرف بی آئی ایس پی کی رجسٹریشن کیلئے ضلع و تحصیل سطح پر قائم کئے گئے سنٹرز پر بنیادی سہولیات اور مطلوبہ سٹاف کی کمی کے باعث ہزاروں کی تعداد میں سائلین ذلیل و خوار ہو کر رہ گئے ہیں، متعلقہ افسر کم ہی دفاتر آتے ہیں جبکہ ملازمین بھی مقررہ وقت سے پہلے ہی اٹھ جاتے ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کی اکثریت رجسٹریشن نہیں کروا سکتی اور کئی کئی روز انہیں آنا پڑتا ہے اس کے ساتھ ساتھ عملے کی جانب سے بلا وجہ اعتراضات لگاکرغریب سائلین کو ذلیل و خوار کرنا بھی معمول ہے ،اور بد قسمتی ہے کہ ان کی شکایت سننے والا بھی کوئی نہیں،باعث تشویش امریہ ہے کہ مانیٹرنگ ادارہ متعد د مرتبہ بے ضابطگیوں کی نشاندہی کر چکا ہے مگر ارباب اختیار خاموش جبکہ ضلعی افسران سب اچھا کی رپورٹ بھجوانے میں مصروف ہیں ،سائلین کا کہنا ہے کہ رجسٹریشن کیلئے کئی کئی ہفتے پاپڑبیلنے پڑتے ہیں اس پر پانچ سو روپے یہاں رجسٹریشن کیلئے دو اور پھر پیسے آنے پر ریٹیلر حضرات ایک ہزار روپے کی کٹوتی کھلے عام کر رہے ہیں لوگ انتقامی کاروائی کے خوف سے ان کی شکایت بھی نہیں لگا سکتے ،رجسٹریشن سنٹر والے اور رٹییلرزحضرات اپنے اختیارات کا ناجائز فائدہ اٹھاکر غریب عوام کو ذلیل و خوار کر نے پر تلے ہوئے ہیں، رشوت کے بغیر کچھ بھی نہیں ہوتا نہ دینے والوں کی رجسٹریشن اور رقم نکلوانا ناممکن تصور ہوتاہے انہوں نے ارباب اختیار سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔