ستھرا پنجاب ، پرائس کنٹرول،شادی قانون پر عمل کا جائزہ اجلاس

ستھرا پنجاب ، پرائس کنٹرول،شادی قانون پر عمل کا جائزہ اجلاس

سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) کمشنر سرگودہا ڈویژن محمد اجمل بھٹی کی زیر صدارت منعقدہ ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں ستھرا پنجاب ، پرائس کنٹرول اور شادی قانون پر عمل درآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

 اجلاس میں چاروں ڈپٹی کمشنروں نے ستھرا پنجاب کے چوتھے مرحلے میں انجام دی جانے والی سرگرمیوں ، واجبات وصولی کی تفصیلات اور درپیش چیلنجوں سے آگاہ کیا،کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنروں اور لوکل گورنمنٹ افسران کو خود دیہاتوں کے دورے کرنے اور ڈیجیٹل وصولی کا نظام وضع کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ دیہات کے باسیوں کو اس بات پر قائل کیا جائے کہ وہ اپنے واجبات بروقت ادا کریں تاکہ حاصل آمدن ان کی فلاح پر خرچ ہوسکے ،اجلاس میں کمشنر نے چاروں اضلاع میں پرائس کنٹرول کا جائزہ لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنروں کو روٹی اور بیکری آئٹمز کے نئے مقرر کردہ نرخوں پر سو فیصد عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے گھی کی قیمتوں میں اضافے کا بھی نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنرز کو فوری مینوفیکچررز اور ڈیلز سے اجلاس کرکے قیمتوں کو کم کروانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے شادی ایکٹ پر اس کی روح کے مطابق عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے اسسٹنٹ کمشنروں اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو شادی ہالز کے روزانہ کی بنیاد پر دورے کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔کمشنر نے چاروں اضلاع میں امن وامان کی فضا کو برقرار رکھنے کے لیے ڈپٹی کمشنرز کو اتحاد بین المذاھب اور امن کمیٹیوں کے اجلاس بلوانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن ریٹائرڈ اورنگزیب حیدر خان، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ آصف اقبال ملک ڈپٹی ڈائریکٹر بابر شہزاد رانجھا کے علاؤہ ماحولیات اور انڈسٹری افسران سمیت خوشاب ، میانوالی اور بھکر کے ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں