حکومت کے احکامات نظرانداز،زائدکرائے وصول،مسافر پریشان
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)ضلعی حکومت کے واضح احکامات کے باوجود سرگودھا میں انٹر سٹی اور بین الاضلاعی زائد کرایوں کی وصولی بدستور جاری ہے اور صورتحال مسافروں کیلئے وبال جان بن کر رہ گئی ہے۔۔۔
حساس ادارے کی سورس رپورٹ میں آگاہ کیا گیا ہے کہ راولپنڈی، فیصل آباد، لاہور، جھنگ، گجرات، سیالکوٹ سمیت دیگر اضلاع اور اسی طرح سیال موڑ،ہلا ل پور، کوٹمومن، بھلوال ،شاہ پور ،ساہی وال اور سلانوالی کے درمیان چلنے والی ٹرانسپورٹ کے مالکان نے قانون کی دھجیاں بکھیرنے کے ساتھ ساتھ من مانے کرایے وصول کرنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے ، کسی بھی مسافر گاڑی میں کرا ئے نامے چسپاں نہیں ، اس حوالے سے مربوط حکمت عملی اختیار نہ کرنے کے باعث ٹرانسپورٹر دھڑلے سے خلاف ورزی کے مرتکب ہو رہے ہیں، ڈیڑھ ماہ قبل پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی پر فرضی اجلاس بلوا کر وقتی طور پر کرایوں میں کمی کے کتبے لگا دیئے گئے جواگلے ہی روز اتار کر زائد کرایوں کی وصولی پھر سے شروع کر دی گئی یہی نہیں جولائی میں ہونیوالے اضافہ پر کرایوں میں مزید اضافہ کر دیا گیاجبکہ شہریوں کو اس سلسلہ میں سخت مشکلات کا سامنا ہے بالخصوص روزانہ محنت مزدوری یا خریداری کیلئے آنے جانیوالے افرادکی آئے روز تکرار معمول ہے ، اور گاڑیوں کے عملے کارویہ الگ سے پریشانی کا سبب بنا ہوا ہے جس کا نوٹس لینا از حد ضروری ہے۔