نالوں پر تعمیر پختہ تھڑے،تجاوزات مسمار کرنے کاحکم
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) کمشنر و ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن محمد اجمل بھٹی کی جانب سے شہر کے سیوریج سسٹم کی بحالی کے لیے روزانہ کی بنیاد پر اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔
، ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں ایس ای پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سید صولت رضا نے میونسپل کارپوریشن اور کنٹونمنٹ کے ایریاز میں سیوریج سسٹم کی موجودہ صورتحال اور بحالی کے لیے مختصر دورانیہ اور مستقل حل کے بارے تفصیلی بریفنگ دی، اجلاس میں ایس ای پبلک ہیلتھ ا نجینئرنگ کی سفارشات کی روشنی میں سٹیڈیم روڈ سمیت شہر بھر کے سیوریج نظام کو ہنگامی بنیادوں پر بہتر بنانے کے لیے کئی اہم فیصلے کیے گئے ، جس کے مطابق ایم سی اور کنٹونمنٹ کے تمام ڈسپوزلز کی فوری ڈی سلٹنگ اور سکرین چیمبرز کو تبدیل کیا جائے گا۔ سیوریج لائنوں کی ڈی سلٹنگ کے علاؤہ ٹربل سپاٹس کا پتہ لگا کر درست کروایا جائے گا، اجلاس میں یونیورسٹی روڈ سمیت شہر کی دیگر اہم شاہرات اور بازاروں میں بارشی پانی کے نکاس کے لیے بنائے گئے نالہ جات پر قائم تھڑوں و دیگر پختہ تجاوزات کا بھی سخت نوٹس لے کر مسمار کر نے کا حکم دیا گیا ،اسسٹنٹ کمشنر سرگود ھاکو اس حوالے سے ذمہ داری تفویض کی گئی۔ ایم سی اور کنٹونمنٹ بورڈ کی ٹیکنیکل ٹیم اس آپریشن میں مشترکہ حصہ لے گی اور سٹرکوں کے اطراف بارشی پانی کے نالے اپنی اصل حالت میں بحال کرے گی۔ کمشنر محمد اجمل بھٹی نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ ہر محکمے نے اپنی اربوں روپے کی لاگت سے بغیر منصوبہ بندی کے سیور یج لائنز بچھائی جو عوام کی مشکل کم کرنے کی بجائے مزید اضافے کا سبب بنی۔ انہوں نے کہا کہ محکموں کو اس شہر کی اونر شپ لینی ہوگی اور ایک دوسرے سے تعاون کرکے شہریوں کے مسائل کو حل کرنا ہوگا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ اورنگزیب حیدر خان ، سی او کنٹونمنٹ بورڈ راجہ ایلیا اسد ، سی او میونسپل کارپوریشن طارق پرویا ، سی ای او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رانا شاہد عمران ، ایکسین ہائی ویز، ایکسین پی ڈبلیو ڈی، اسسٹنٹ کمشنر اور پیسپ کی ٹیکنیکل ٹیم بھی موجود تھی۔