ڈپٹی کمشنر ، ڈی پی او کا فیضان مدینہ نیو سیٹلائٹ ٹاؤن کا دورہ
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم اور ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے فیضان مدینہ نیو سیٹلائٹ ٹاؤن کا دورہ کیا۔۔۔
اور علماء کرام سے جشن عید میلاد النبی صلی اﷲ علیہ والہ وسلم کے جلوسوں کے انتظامات کے حوالے سے ملاقات کی۔ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ اولین ذمہ داری ہے ماضی کی طرح اس سال بھی ربیع الاول میں شہر میں امن و امان کو برقرار رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ 12 ربیع الاول کی سکیورٹی کو ہر صورت فول پروف بنایا جائے گا، شہر میں امن و امان سے متعلق امن کمیٹی اور تمام مکاتب فکر کے تعاون سے مذہبی ہم آہنگی کو برقرار رکھیں گے ۔انہوں نے کہا کہ سرگودہا کا امن ہمیشہ سے مثالی رہا ہے اور اس کے امن کو برقرار رکھنے میں علماء کرام کا کردار اہم رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ علماء کرام محرم الحرام کی طرح ربیع الاول میں بھی امن و امان کی صورت حال کو برقرار رکھنے کیلئے انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ بھر پور تعاون کریں۔ضلعی انتظامیہ و پولیس اپنی ذمہ داری احسن اور چوکس انداز میں انجام دے گی۔ علماء کرام کا کہنا تھا کہ تمام مکاتب فکر کے علماء کرام سے مسلسل رابطے میں ہیں اور شہر میں مذہبی ہم آہنگی موجود ہے ۔