ناقص پانی کی فراہمی ، میونسپل کارپوریشن کو ٹھیکیدار سے معاملات طے کرنے کیلئے 7 روز کی ڈیڈ لائن

ناقص پانی کی فراہمی ، میونسپل کارپوریشن کو ٹھیکیدار سے معاملات طے کرنے کیلئے 7 روز کی ڈیڈ لائن

سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے شہریوں کی جانب سے پینے کے لیے ناقص پانی کی فراہمی ، زائد بلنگ اور اوقات کار میں کمی کی شکایات پر واٹر سپلائی نیو سیٹلائٹ ٹاؤن کا اچانک دورہ کیا۔

اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن یاسر بھٹی بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ کمشنر نے واٹر سپلائی کے تالابوں کی صفائی ، فلڑیشن کے طریقہ کار کا جائزہ لیا۔ انہوں نے پانی کی کوالٹی کو چیک کیا اور ہدایت کی کہ واٹر سپلائی کے طے شدہ ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے ۔ کمشنر نے میونسپل کارپوریشن کو ٹھیکیدار سے تمام امور کو طے کرنے کے لیے سات یوم کی ڈیڈ لائن دی اور ہدایت کی کہ شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے ساتھ بلز اور اوقات کار کو بھی صارفین کو اعتماد میں لے کر طے کیا جائے ۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ نہر کنارے پر ٹیوب ویلز لگا کر پانی کو واٹر سپلائی تک لا کر فلٹر کے بعد صارفین تک پہنچایا جا رہا ہے ۔ تاہم بعض مقامات پر پائپ لائن اپنی مدت معیاد پوری کر چکے ہیں جس کی وجہ سے کچھ آبادیوں سے شکایات موصول ہوئی ہیں جن کا سد باب بھی کیا جارہا ہے ۔ مزید بتایا گیا کہ حکومت پنجاب نے ایشن ڈویلپمنٹ بنک کے اشتراک سے سرگودہا شہر کی تمام آبادیوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے 12 ارب روپے کا میگا منصوبہ بنایا ہے اور قوی امکان ہے کہ اگلے سال اس منصوبے پر باضابطہ کام شروع ہو جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں