انسداد ڈینگی میں فراڈ پر سخت کارروائی کا فیصلہ
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) انسداد ڈینگی مہم کی گائیڈ لائن پر عملدرآمد کی بوگس رپورٹنگ کے انکشاف پر بلدیاتی اداروں کے ذمہ دار افسران و ملازمین کے خلاف سخت کاروائی کا فیصلہ۔۔۔
تمام سرگرمیوں کی رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر صوبائی حکومت کو ارسال کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ،ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے قبل از وقت اقدامات اٹھانے کے سلسلہ میں تمام محکموں کو گائیڈ لائن جاری کرنے کے ساتھ ساتھ خصوصی اینڈ رائیڈ سیٹ بھی فراہم کئے گئے تھے ، تاکہ روزانہ کی بنیاد پر کارکردگی کی رپورٹس کو اپ لوڈ کیا جا سکے ، مگر ضلع میں تاحال اس حوالے سے کسی قسم کے خاطر خواہ اقدامات سامنے نہیں آ سکے ،جبکہ مانیٹرنگ ٹیموں اور ضلعی انتظامیہ و ہیلتھ اتھارٹی کے افسرا ن کی جانب سے ڈینگی ڈیش بورڈ کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد تشوہش کا اظہار کرتے ہوئے ضلع بلدیاتی اداروں کی کارکردگی غیر تسلی بخش قرار دیدی ،جس پر گزشتہ روز ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ بابر شہزاد رانجھا نے انسداد ڈینگی کے حوالے سے ضلع کونسل، میونسپل کمیٹیز،اور ٹاؤن کمیٹیزکے چیف افسران کو جاری مراسلہ میں اس امر پر تشویش کا اظہار کیا ہے کہ فیلڈ عملہ ہاٹ سپاٹ چیک کرنے کی بجائے گھر یا آفس میں بیٹھ کر وزٹ کی فرضی اور بوگس رپورٹ بھجوارہا ہے لہذا ترجیح بنیادوں پر فیلڈ عملے کو چیکنگ کا پابند بناجائے بصورت دیگر سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔