مشنری تعلیمی ادارے نونہالوں کا مستقبل تابناک بنا رہے ،کمشنر

مشنری تعلیمی ادارے نونہالوں کا مستقبل تابناک بنا رہے ،کمشنر

سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے کہاہے کہ سرکاری کے ساتھ مشنری تعلیمی ادارے بھی قوم کے نونہالوں کی مخفی صلاحیتوں کو نکھارنے او رقوم کے مستقبل کو تابناک بنانے میں مصروف عمل ہیں ۔

 پرسبیرین ایجوکیشن بورڈ کے سکولوں میں زیر تعلیم طلباء وطالبات نے ثابت کیا ہے کہ وہ ذہانت اورٹیلنٹ میں کسی بھی طور پر پیچھے نہیں ہیں ۔ اس امر کا اظہار انہوں نے پی ای بی سکول میں انٹر سکولز انگریزی تقریری مقابلوں سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ کمشنر کا کہنا تھا کہ پرسبیرین ایجوکیشن بورڈ معیاری تعلیم کو دور افتادہ علاقوں تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے طلباء کی دل کھول کر تعریف کی اور کہاکہ تقریروں کے دوران طلباء کا لہجہ دیکھ کر انہیں بہت ہی خوشی محسوس ہوئی اور ہم ان بچوں او ر بچیوں پر فخر کرتے ہیں ۔ صوبہ بھر سے آئے بچوں نے ‘‘ ٹیکنالوجی لوگوں کے معیار زندگی کو بڑھا رہی ہے ،،کے موضوع پر حق اور مخالفت میں تقاریر کیں ۔ بعدازاں کمشنر جہانزیب اعوان نے پی ا ی بی سکول کے نئے بلاک کا بھی افتتاح کیا۔ اس موقع پر پرنسپل سمیر لال سہوترا نے بتایا کہ پرسبیرین ایجوکیشن بورڈ 1972 سے ملک بھر میں تعلیم کے فروغ کیلئے کوشاں ہیں ۔ ادارہ کے 15 پرائمری اور 14 ہائی سکولز پنجاب بھر میں قائم ہیں ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں